وزارت صحت کی ایڈوازئری جاری

اومیکرون کی صورتحال فی الحال تشویشناک نہیں، 11 ریاستوں میں 101 کیسز

نئی دہلی// کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ اومیکرون ابھی تک ملک کی 11 ریاستوں میں پھیل چکا ہے اورسو سے زائد افراد اس سے متاثرپائے گئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ ملک کی 11 ریاستوں میں اومیکرون کے 101 کیسز سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ مہاراشٹرا میں 32 کیس درج کئے گئے  ہیںجبکہ دہلی میں 22، راجستھان میں 17 ، کرناٹک میں 8، تلنگانہ میں 8 ،گجرات میں 5 اور کیرلا میں 5 کیس درج ہوئے ہیں، جبکہ آندھراپردیش، چندی گڑھ، تاملناڈو اور مغربی بنگال میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون معاملوں کے پیش نظر عوام کوویڈ قواعد پر عمل آوری کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضروری نہ ہوتو کچھ دنوں کے لیے سفر کو ملتوی کیا جائے۔ لو اگروال نے مزید بتایا کہ ایک ساتھ عوام ہجوم کے شکل میں جمع نہ ہوں اور سال نو کی تقاریب میں بھی احتیاط برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال نازک نہیں لیکن انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ۔ برطانیہ اور فرانس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان میں اومیکرون کا پھیلاؤ ان ممالک کی طرح رہا تو روزانہ 14 لاکھ سے 15 لاکھ کیس رپورٹ ہوں گے ۔ اگروال نے کہا کہ ملک میں کووڈ سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل ہیں اور مقامی سطح پر چوکسی اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں 136 کروڑ سے زیادہ ویکسین دی گئی ہیں۔ ان میں سے 53.72 کروڑ لوگوں کو دونوں ویکسین دی گئی ہیں اور 82.28 کروڑ لوگوں کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے ۔ ملک میں 53.72 فیصد اہل آبادی کو کووڈ ویکسین دی گئی ہے ، جب کہ 87.8 فیصد کو پہلی خوراک دی گئی ہے ۔ اگروال نے بتایا کہ دو ریاستوں کیرالہ اور مہاراشٹرا میں 10 ہزار سے زیادہ کووڈ مریض زیر علاج ہیں، جب کہ تین ریاستوں میں پانچ ہزار سے زیادہ اور باقی 31 میں پانچ ہزار سے کم مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 20 دنوں سے روزانہ 10 ہزار سے کم نئے کوویڈ مریض سامنے آ رہے ہیں۔ ملک کے 19 اضلاع میں ہفتہ وار انفیکشن پانچ سے دس فیصد کے درمیان رہتا ہے ۔
 

دنیا بھر میں اومیکروں کے پھیلائو کے 

پیش نظر سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت: ایل جی

جموں // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کووڈ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اورسول اور پولیس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر کوئی کووڈمناسب رویے کی پیروی کو یقینی بنائے۔اعلی سطحی میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنے متعلقہ اضلاع میں کووِڈ کے رجحان کا تجزیہ کریں اور کیسز میں اضافے کی وجوہات کی نشاندہی کریں۔لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا ہے کہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور تیز رفتار ویکسینیشن مہم کا زیادہ سے زیادہ استعمال اولین ترجیح ہے۔انکا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر مریض کو صحت گولڈن کارڈ کا فائدہ ملے۔ سنہا نیکووڈ ٹاسک فورس اور ڈی سیز، ایس پیز کے ساتھ میٹنگوں کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں نئے قسم کے Omicron کے کیسوں میں اضافے کی وجہ سے، ہمیں اس وبا کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈویڑنل کمشنروں سے کہا کہ وہ گہری نظر رکھیں اور ابھرتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔