ا یک اندازے کے مطابق 29 فیصد کاروبار کیش فلو کی خراب صورتحال کی وجہ سے ناکام ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ اس پر بہت زیادہ توجہ دی جاتی ہے، لیکن ورکنگ کیپیٹل کا مناسب ہونا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ کیش فلو کا تعلق اس رقم سے ہے جو کاروبار ایک مدت کے دوران کماتا ہے۔ اس کے مقابلے میں، ورکنگ کیپیٹل موجودہ صورتحال بتاتا ہے کہ کاروبار میں کتنی نقد رقم موجود ہے۔ اس مضمون میں وضاحت کی جارہی ہے کہ کسی بھی کاروبار کی بقا کے لیے ورکنگ کیپیٹل اہم کیوں ہوتا ہے۔
ورکنگ کیپیٹل کمپنی کے موجودہ اثاثوں اور موجودہ واجبات (جیسے مختصر مدت کے قرض) کے درمیان فرق ہوتا ہے۔ موجودہ کا مطلب ہے اثاثوں اور واجبات کی مدت 12ماہ یا اس سے کم ہو۔ اگر موجودہ اثاثے موجودہ واجبات سے زیادہ ہیں، تو کمپنی کے پاس مثبت ورکنگ کیپیٹل ہے۔ تاہم، اگر اثاثے موجودہ واجبات سے کم ہیں، تو کمپنی کے پاس منفی ورکنگ کیپیٹل ہے۔ ورکنگ کیپیٹل درحقیقت انویسٹمنٹ کیپیٹل یا طویل مدتی سرمائے جیسا نہیں ہوتا، جن کا استعمال سالوں پر محیط بڑے سرمائے کے منصوبوں کو فنڈ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، ورکنگ کیپیٹل روزانہ اخراجات کی ادائیگی اور مصنوعات تیار کرنے کے لیے خام مال کی خریداری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، عمومی طور پر اسے خام مال کی خریداری کے بجائے تنخواہیں اور آپریشنل رہنے کے لیے درکار دیگر اخراجات برداشت کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کمپنی خدمات فراہم کرتی ہے تو اس میں بھی روزانہ کے اخراجات کے لیے ورکنگ کیپیٹل استعمال ہوتا ہے۔
ورکنگ کیپیٹل اور آپریٹنگ سائیکل کے تعلق کی بات کریں تو یہ مصنوعات یا خدمات کی پیداوار کی وجہ سے کمپنی سے کیش نکلنے اور واپس آنے تک کا وقت ہوتا ہے۔ اس سائیکل کو بعض اوقات کیش ٹو کیش سائیکل بھی کہا جاتا ہے۔ آپریٹنگ سائیکل مٹیریل کی خریداری کے لیے کمپنی سے نقد رقم نکلنے سے شروع ہوتی ہے۔
پیداوار اور صارفین تک مصنوعات پہنچنے تک متعدد اقدامات ہوتے ہیں۔ یہ سائیکل اس وقت مکمل ہوتی ہے جب صارفین کو مصنوعات کی فروخت اور ان کی جانب سے ادائیگی کی ترسیل کے ذریعے رقم واپس آجائے۔ کمپنی سے رقم نکلنے اور پھر واپس کمپنی میں آنے کے درمیان ورکنگ کیپیٹل کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔
کاروبار کی نوعیت کے مطابق آپریٹنگ سائیکل کچھ دن یا مہینوں تک چل سکتی ہے۔ اسے فنڈ کرنے کے لیے ہمیشہ نقد رقم کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپریٹنگ سائیکل کے دوران، روزانہ جمع ہونے والے اخراجات بھی ادا کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ یقینی بنانا ضروری ہوتا ہے کہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ہو۔ قلیل مدت میں بہت سی جگہوں پر نقد رقم چاہیے ہوتی ہے جنہیں پورا کرنا ضروری ہے، ورنہ کاروبار بند ہونے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے ورکنگ کیپیٹل کا مناسب طریقے سے انتظام کریں، تاکہ آپ کے پاس ہر آپریٹنگ سائیکل کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کافی فنڈز موجود ہوں۔ مصنوعات کی پیداوار کو سنبھالنے کی ترتیب کے لحاظ سے کاروبار میں آپریٹنگ سائیکل ایک سے زیادہ ہو سکتی ہیں، جو کہ ورکنگ کیپیٹل مینجمنٹ کی پیچیدگی میں اضافہ کرتی ہیں۔موسم سے متاثر ہونے والے کاروبار کو ورکنگ کیپیٹل کے لیے زیادہ منصوبہ بندی اور نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، کسی کاروبار میں گرمی کے مہینوں اور عیدین پر فروخت میں بہت زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے میں کاروبار کیش فلو کے اتار چڑھاؤ سے کیسے نمٹتا ہے اور اسی وقت آپریٹنگ سائیکل کا انتظام کیسے کرتا ہے؟ زائد فروخت کے دوران ورکنگ کیپیٹل نقد رقم سے بھر جاتا ہے۔
اس دوران کمپنی کی ضرورت سے زیادہ نقد رقم آنی چاہیے۔ کم فروخت کے موسم کے دوران، ہو سکتا ہے کہ اتنے ملازمین نہ ہوں جبکہ دیگر اخراجات بھی عام طور پر کم ہوتے ہیں، جو کاروبار کو رقم جمع کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس سست مدت کے دوران، کاروبار آنے والے سیزن کے پیش نظر مصنوعات کی انوینٹری تیار کرنے کے لیے آپریٹنگ سائیکل شروع کرتا ہے۔ آپریٹنگ سائیکل کی فنڈنگ کے لیے کیش فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ فروخت کے عروج کے دوران نقد رقم جمع کرنے اور پھر کم فروخت والے سیزن میں اسے آپریٹنگ سائیکل پر خرچ کرنے سے کمپنی اپنے ورکنگ کیپیٹل کا انتظام کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔
آپریٹنگ سائیکل کے مسائل پر قابو پانے کے لیے کاروبار میں ورکنگ کیپیٹل کا مناسب انتظام کیا جانا چاہیے۔ اس کا ایک طریقہ ایکویٹی کے ذریعے آپریٹنگ سائیکل کی مالی اعانت ہے، جس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ مالک زیادہ سرمایہ لگائے۔ متبادل طور پر، مالک کاروباری قرض کی صورت میں ورکنگ کیپیٹل حاصل کرسکتا ہے۔
ورکنگ کیپیٹل کے قرض سے کمپنیاں اپنے روزمرہ کے کاموں پر رقم خرچ کرنے کے قابل ہوجاتی ہیں۔ ایک اور تکنیک یہ ہے کہ کمپنی اپنے سپلائرز سے بہتر شرائط کی درخواست کرے۔ چونکہ آپریٹنگ سائیکل خام مال کی خریداری کی صورت میں سپلائرز سے شروع ہوتی ہے، اگر کمپنی ادائیگی کی شرائط میں توسیع کرسکے تو یہ فرنٹ اینڈ پر آپریٹنگ سائیکل کو مختصر کر دے گی۔آپریٹنگ سائیکل کی منصوبہ بندی بہتر ورکنگ کیپیٹل کے تخمینے میں مدد کر سکتی ہے۔ کسی بھی قسم کے آپریٹنگ سائیکل تخمینے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ آپریٹنگ سائیکل کتنی مدت تک ہوتی ہے۔ عام طور پر، آپریٹنگ سائیکل کو دنوں میں ماپا جاتا ہے۔ ایک بار جب یہ معلوم ہوجائے کہ آپریٹنگ سائیکل کتنا عرصہ چلتی ہے، تو آپ مستقبل کے لیے ورکنگ کیپیٹل کا حساب لگا سکتے ہیں۔
رئیل اسٹیٹ: ورکنگ کیپیٹل کے قرض کے لیے کاروبار کی رئیل اسٹیٹ پراپرٹی کو بطور ضمانت رکھوایا جاسکتا ہے۔ کاروباری قرض دہندگان کے لیے رئیل اسٹیٹ ایک محفوظ اور پُرکشش ضمانت ہوتی ہے کیونکہ اس کی قدر وقت کے ساتھ قائم رہتی ہے۔ دوسری جانب انٹرپرینورز کو بھی فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ رئیل اسٹیٹ کی قدروقیمت انھیں بہتر شرائط پر زائد قرض حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سازوسامان: ورکنگ کیپیٹل کے قرض کے لیے سازوسامان بھی ضمانت کے طور پر رکھے جاسکتے ہیں۔ بھاری مشینری تکنیکی طور پر قیمتی ہو سکتی ہے، لیکن اگر اس کا خریدار تلاش کرنا مشکل ہو تو اسے قرض دہندہ کے لیے قیمتی نہیں سمجھا جائے گا۔ ا۔
انوینٹری: ورکنگ کیپیٹل کے قرض کے لیے انوینٹری کو بطور ضمانت رکھوایا جاسکتا ہے۔ یہ ضمانت کی عام شکلوں میں سے ایک ہے جسے کاروباری قرض دہندگان قبول کرتے ہیں۔ درحقیقت، قرض دہندہ کے نقطہ نظر سے سازوسامان کے لیے بہت سے تحفظات، جیسے لیکویڈیشن ویلیو اور مستقبل میںکم قدری، انوینٹری پر بھی لاگو ہوتی ہے۔
نتیجے کے طور پر، قرض کی رقم اور اس کی قیمت قرض دہندہ کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے کیونکہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ آپ کی انوینٹری کی ویلیو کیسے لگاتے ہیں۔ انوینٹری کو ضمانت کے طور پر رکھ کر، اگر کمپنی اپنے قرض کے معاہدے پر ڈیفالٹ کرتی ہے تو انوینٹری کو کھونے کا خطرہ مول لے گی۔
آپریٹنگ سائیکل کو سمجھنا اور پیشن گوئی کرنا کاروباری مالکان کو ورکنگ کیپیٹل کو مناسب طریقے سے بجٹ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ مجموعی طور پر، ورکنگ کیپیٹل پروڈکٹس کا ذمہ داری سے انتظام کرنا ضروری ہے تاکہ کاروبار کامیاب ہو سکے۔