ورنال رام بن میں کم عمر لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی

بانہال // ضلع رام بن میں رامسو کے ورنال علاقے میں ایک کم عمر لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی کے خلاف رامسو میں پیر کوکئی سیاسی اور گوجر بکروال طبقہ کی نمائندہ جماعتوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بعد دوپہر رامسو مارکیٹ میں دکانیں بند کرکے اس واقعہ کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی ۔ اس سلسلے میں رامسو پولیس سٹیشن میں پہلے ہی ایک کیس زیر دفعہ376 رنبیر پینل کوڈ کے تحت درج کیا گیا ہے اورایک ملزم سنجو سنگھ ساکنہ ورنال کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ واقع کئی روز پہلے اُس وقت طشت از بام ہوا جب متاثرہ کم عمرلڑکی نے تکلیف محسوس کی اور بتدریج خون کی کمی واقع ہوئی۔ اس کے بعد لڑکی کے والدین نے بچی کو رامسو ہسپتال پہنچایا جہاں اُسے رام بن ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ لڑکی تین ماہ سے حاملہ ہے۔ اس انکشاف کے بعد لڑکی کے بیانات قلمبند کئے گئے اور ایک مبینہ ملزم سنجو سنگھ ساکنہ ورنال کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد ضلع ہسپتال رام بن کے ڈاکٹروں نے مزید علاج ومعالجہ کیلئے متاثرہ کم عمر لڑکی کو جموں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہے۔ اس افسوناک واقعہ کے خلاف پیرکو رامسو میں سابق ممبر اسمبلی بانہال اور پی ڈی پی لیڈر محمد فاروق میر ، عوامی اتحاد پارٹی کے ضلع صدرعارف وحید اور آل ٹرائبل ایکشن کمیٹی کے ضلع صدر منظور ڈار اور صوبائی صدر دانش اقبال کی قیادت میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ احتجاجی مظاہرین نے اس افسوناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملوثین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ ایس ڈی پی او بانہال کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہوئے۔