سرینگر //گورنر کے مشیر کے ۔ وجے کمار نے سٹیٹ بورڈ فار وائلڈ لائف کی13 ویں سٹینڈنگ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کمشنر سیکریٹری جنگلات منوج کمار دویدی، آئی جی ہیڈ کوارٹرس آنند جین، پی سی سی ایف سریش چُگ، چیف انجنیئر این ایچ پی سی ڈاکٹر اے کے تریپاٹھی، چئیرمین پی سی بھی روی کیسر، سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر ایم کے رنجیت سنگھ جالا، بورڈ کے دیگر ممبران اور متعلقہ افسرموجود تھے۔میٹنگ میں سٹیٹ بورڈ فار وائلڈ لائف کی12ویں سٹینڈنگ کمیٹی میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر ہوئے عمل درآمد پر سیر حاصل بحث ہوئی۔کمیٹی کے سامنے کئی تجاویز پیش کی گئیں جن میں سے بعض کو منظوری دی گئی اُن میں واٹر سپلائی سکیم کنگریل کے تحت کھری کُھرد میں آر سی سی20 ہزار گیلن صلاحیت والے واٹر ٹینک کی تعمیر، لیہہ لداخ میں زیر زمین آپٹیکل فائیبر کیبل بچھانے ، پلوامہ میں ترال لفٹ اری گیشن سکیم کی منظوری، وائلڈ لائف سینکچوری رام نگر سے گذرنے والی132 کے وی بارن کنال ٹرانسمیشن لائین کی تعمیر کی منظوری، چھنگ تھنگ کولڈ ڈیزرٹ وائلڈ لائف سینکچوری میں نئے بی او پی کمپنی پوسٹ کے قیام کی منظوری،داچھی گام میں جہلم سیمنٹس کی طرف سے سیمنٹ یونٹ کے قیام، کشتواڑ ہائی الٹی چیوڈ نیشنل پارک کے10 کلو میٹر کے دائرے میں برسار ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے سلسلے میں این او سی کی اجرائی کی تجویز کی منظوری اور جنگلی جانوروں کی طرف سے انسانی جانوں اور فصلوں کو ہوئے نقصان کے سلسلے میں معاوضہ کی رقم میں اضافے کی منظوری بھی شامل ہے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں پروٹیکٹڈ علاقوں کی حدود کے مد نظر جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے لازمی اقدامات اُٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ترقیاتی و دیگر پروجیکٹوں کی عمل آوری کو جنگلی حیات اور ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر یقینی بنایا جانا چاہئے۔
وجے کمار کی صدارت میں وائلڈ لائف بورڈ کی13 ویں سٹینڈنگ کمیٹی میٹنگ
