وجے کمار نے محکمہ خاطر تواضع کا جائیزہ لیا

سرینگر//گورنر کے مشیر وجے کمار نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران خاطر تواضع محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری منصوبہ بندی و مونیٹرنگ روہت کنسل، ڈائریکٹر خاطر تواضع خالد مجید درابو اور متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔پرنسپل سیکریٹری روہت کنسل نے اس موقعہ پر محکمہ کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے ریاست اور بیرون ریاست محکمہ کی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر خاطر تواضع نے محکمہ کے کام کاج، بنیادی ڈھانچے اور اس کی حصولیابیوں کے ساتھ ساتھ محکمہ کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے حوالے سے منصوبے کے بارے میں ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ محکمہ اہم شخصیات اور ریاستی مہمانوں کو ٹرانسپورٹ، قیام وطعام اور دیگر سہولیات بہم کراتا ہے۔علاوہ ازیںمحکمہ ریاست کی مہمان نوازی کو بڑھاوا دینے کے لئے مشن موڈ کے تحت معیاری خاطر تواضع سہولیات بہم کراتا ہے۔بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے بتایا گیا کہ سرینگر اور جموں شہروں میں محکمہ کے پاس اچھا خاصا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔یہ محکمہ جموں اور سرینگر میں ریاستی گیسٹ ہاؤسز کی دیکھ ریکھ کا کام انجام دیتا ہے۔ محکمہ کے پاس جموں میں11 جبکہ کشمیر صوبہ میں23 اثاثے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سال2017-18 کے دوران محکمہ کو172.83 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔مشیر موصوف کو رواں سال کی مجوزہ سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی جن میں اکڑ میں ایک وی آئی پی ہٹ تعمیر کرنا، ہاورن میں وی آئی پی ہٹ مکمل کرنا اور دیگر اثاثوں کو بڑھاوا دینا بھی شامل ہے۔انہیں سرکٹ ہاؤس جموں میں اضافی بلاک قائم کرنا اور جموں میں ہی گیسٹ ہاؤس کا ایک نیا بلاک تعمیر کرنے کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔اس دوران ممبئی، نئی دہلی، چنڈی گڑھ اورا مرتسر میں ریذیڈنٹ کمشنر کے زیر اختیار اثاثوں کے بارے میں بھی تفصیلات دی گئیں۔کے وجے کمار نے کہا کہ تعمیراتی کام ہاتھ میں لیتے وقت معیار کا خاص خیال رکھا جانا چاہئے۔محکمہ کو دیئے گئے ایک اور کام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے مشیر کو بتایا گیا کہ یہ محکمہ توش خانہ آرگنائزیشن کی بھی دیکھ ریکھ کرتا ہے جو مہاراجا نے دور کی قیمتی چیزوں کو تحفظ فراہم کرات ہے۔مشیر نے وہاں رکھی گئی چیزوں کے بارے میں تفاصیل طلب کیں۔