وجے کمار نے جموں میں لوگوں کے مسائل سُنے

جموں//ہفتہ وار عوامی دربار پروگرام کے تحت گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے کنونشن سینٹر کنال روڈ میں کئی وفود اور افراد کے مسائل سُنے۔20 وفود پر مشتمل 100 سے زائد لوگوں اور جموں کے مختلف حصوں سے آئے کئی افراد نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مسائل کے حل میں اُن کی مداخلت طلب کی۔جموں خطے کے پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے راجوری، کشتواڑ اور کرگل کے لئے ہوائی سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے جموں ہوائی اڈے کے رن وے کے توسیع کے کام میں تیزی لانے اور ائیر پورٹ کے لئے ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے کے علاوہ جموں سے چندی گڑھ کے لئے ہوائی سروس شروع کرنے، رنبیر کنال کی تجدید کاری اور دیگر کئی مطالبات مشیر کی نوٹس میں لائے۔وفد نے جموں کے دور دراز علاقوں میں آل انڈیا ریڈیو کی ایف ایم سروس فراہم کرنے اور اٹاری سرحد کی طرز پر سچیت گڑھ سرحد کی ترقی کا بھی مطالبہ کیا۔ڈوڈہ ضلع کے کنڈوٹ علاقہ سے آئے ایک عوامی وفد نے ٹھاٹھری تحصیل کے کنڈوٹ میں سڑک کی تعمیر اور ہیلتھ سب سینٹر کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی۔جے اینڈ کے امیوچور اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے وفد نے جموں میں منعقد ہونے والے31 ویں نارتھ زون جونئیر اتھلیٹکس چیمپین شِپ2018-19 سے جڑے معاملات مشیر کی نوٹس میں لائے۔سینٹرل کواپریٹو بنک لمٹیڈ کے سبکدوش ملازمین کے ایک وفد نے بقایا جات کی واگذار ی کی مانگ کی۔ باہو فورٹ علاقے سے آئے بے روز گار نوجوانوں کے ایک وفد نے انہیں گنڈولہ کیبل کار پروجیکٹ میں انہیں کام فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔کسان کلیان سمتی کے ایک وفد نے جسروٹہ فارسٹ لینڈ میں جنگلات اور نرسریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔جے اینڈ کے ہوم گارڈ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اُن کی مستقلی کے لئے ایس پی اوز کی طرز پر پالیسی ترتیب دینے کا مطالبہ کیا۔1947 اور1971 میں بے گھر ہوئے کنبوں، جن کی زمینیں خاریاں گاؤں میں فوج کے زیر استعمال ہیں، نے اُن کا معاملہ حل کرنے کی مانگ کی۔رعنا واری کشمیری پنڈت ایکشن کمیٹی نے بھی اپنے مسائل مشیر کی نوٹس میں لائے۔اس کے علاوہ دیگر کئی وفود اور افراد نے اپنے مسائل کے حل میں مشیر موصوف کی مداخلت طلب کی۔مشیر کی نوٹس میں لائے گئے تمام مسائل کو غور سے سُننے کے بعد انہوں نے یقین دلایا کہ لوگوں کے جائیز مطالبات کو مرحلہ وار بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔