اننت ناگ //گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار اور چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ایس اے ایس بی کے سی ای او اُمنگ نرولا، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی اور ڈی سی اننت ناگ خالد جہانگیر کے ہمراہ اس سال پہلگام کے راستے سے یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں سی آر پی ایف، پولیس، صحت، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای اور دیگر محکموں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔مشیر نے افسروںپر زور دیا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کر کے اس سال کی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کرانے میں اپنا رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے راستے پر بہتر طبی سہولیات قائم کی جانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ زوجیپل، ناگہ کوٹی اور وبل ٹاپ، ایم جی ٹاپ، پوش پتھری اور ایس ایس پاڈی میں بہتر طبی سہولیات بہم رکھی جانی چاہئیں تا کہ یاتریوں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف سیکرٹری نے ڈی سی اننت ناگ، لیبر کمشنر اور ڈپٹی سی ای او ایس اے ایس بی کو ہدایت دی کہ وہ ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ملازمین اور یاترا کے ساتھ جڑے دیگر لوگوں کو یونیفائڈ بار کوڈڈ پاس جاری کریں۔انہوں نے کہا کہ یومیہ بنیادوں پر میٹنگوں کا انعقاد کیا جانا چاہئے اور رپورٹ یاترا افسر اننت ناگ کو پیش کیا جانا چاہئے۔انہوں نے ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ وہ جواہر ٹنل سے یاترا کانوائے کے ساتھ6 اضافی بسیں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ لنگر مقامات، میڈیکل کیمپوں اور دیگر مقامات پر سائن بورڈ نصب کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی اضافی ٹیموں کو بھی یاتریوں کی سہولیت کے لئے کام پر لگایا جانا چاہئے۔اس سے قبل صوبائی کمشنر کشمیر نے پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے سے اس سال کی یاترا کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امسال یاترا کے ساتھ19 محکمے جڑے ہیں جو یاتریوں کو مختلف سہولیات دستیاب رکھیں گے۔ڈویثرنل کمشنر نے مزید کہا کہ نونہ ون بنیادی کیمپ پر2500 ، چندن واڑی میں1500 ، شیش ناگ میں3500 ، ایم جی ٹاپ پر500 اور پوش پتھری میں500 جبکہ پنج ترنی میں 3 ہزار یاتریوں کے رات کے قیام کی سہولیت دستیاب ہے۔اس موقعہ پر کہا کہ گیا کہ پورے یاترا روٹ کو 25 جون2019 تک مکمل کیا جائے گا۔مشیر موصوف نے چیف سیکرٹری اور افسروں کے ہمراہ چندن واڑی کا بھی دورہ کیا اور امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں انتظامات کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے چندن واڑی مین گیٹ اور ایکسس پوائنٹ چندن واڑی کا بھی دورہ کیا۔
وجے کمار اور چیف سیکریٹری نے پہلگام میں یاترا انتظامات کا جائیزہ لیا
