واگہامہ مرہامہ مسلح تصادم، 2 جنگجو اور فوجی ہلاک

اننت ناگ // اننت ناگ کے مرہامہ بجبہاڑہ میںعلاقے میںمسلح تصادم آرائی کے دوران دو جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق مہلوکین میں سے ایک جنگجو کی گاڑی ہی لیتہ پورہ پلوامہ حملے میںاستعمال کی گئی تھی، جس میں 42سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ادھر آری ہل پلوامہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں 2اہلکار زخمیوں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے جبکہ اس حملے میں دیگر 18اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔

مسلح تصادم

 ضلع اننت ناگ کے واگہامہ مرہامہ نامی گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر 3آر آر، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے منگل کی علی الصبح محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوئوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ جسکی شناخت انیل کمار جسوال کے طور پر ہوئی ۔جوابی کارروائی میں فورسز نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا۔پولیس نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات پیر کی صبح سے معطل ہیں۔واضح رہے کہ اسی ضلع کے بڈورہ اچھہ بل میں پیر کو جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان تصادم میں ایک جنگجو اور ایک فوجی میجر ہلاک ہوئے تھے۔تصادم کے دوران فوج کے دیگر دو اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔ 

پولیس بیان

 پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ مرہامہ بجبہاڑہ علاقے میں جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تو اسی دوران خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجوئوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔اس میں کہا گیا: 'کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے جن کی شناخت سجاد احمد بٹ اور توصیف احمد بٹ ساکنان مرہامہ بجبہاڑہ کے بطور ہوئی ہے۔ تصادم آرائی کے دوران ایک آرمی جوان انیل جسوال گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔بیان میں کہا گیا: 'دونوں جنگجو اُن گروہوں کے ساتھ منسلک تھے جو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں براہ راست ملوث رہے ہیں اور اُن کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ سجاد احمد کے خلاف لیتہ پورہ حملے کے سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 16/2018 اور ایف آئی آر زیر نمبر 28/2019 کے تحت کیس رجسٹر ہیں جبکہ توصیف احمد کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 95/2018 کے تحت معاملہ درج ہے'۔

پلوامہ دھماکہ

 پلوامہ کے آری ہل گائوں کے نزدیک پیر کی شام بارودی سرنگ دھماکے میں44آر آر سے وابستہ زخمی ہونے والے 18 میں سے 2 فوجی اہلکار سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔مہلوک فوجیوں کی شناخت حوالدار امرجیت کمار اور نائیک اجیت کمار ساہو کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔اس واقعہ میں دو عام شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔