واٹر لفٹ سکیم بھیرہ کی مشینری 15دنوں سے خراب

مینڈھر //مینڈھر قصبہ سے کچھ ہی دوری پر آباد بھیرہ علاقہ میں لگائی گئی لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی 15دنوں سے مکمل بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اپنی ڈیوٹی انجام ہی نہیں دے رہے ہیں جبکہ سپلائی سکیم کی مشینری میں آئی خرابی کو ٹھیک ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں بالخصوص خواتین کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کیلئے لائی گئی موٹر کئی ماہ سے کھلے عام پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی مشینری زنگ آلودہ ہو گئی ہے جبکہ محکمہ پرانی مشینری کی مرمت کروا کر کچھ عرصہ کیلئے سکیم بحال کرتا ہے جس کے بعد وہ پھر سے خراب ہو جاتی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کی مدد سے سینکڑوں کنبوں کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جاتا ہے لیکن محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے اب لوگوں کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے محکمہ کو ہدایت دی جائیں جبکہ لا پرواہ ملازمین کو جلدازجلد علاقہ سے تبدیل کیا جائے ۔