وانی گام پٹن میں مسلح تصادم آرا ئی|| ملی ٹینٹ ہلاک ،3فورسز اہلکار زخمی بنیربارہمولہ میں شبانہ تصادم،فائرنگ کا تبادلہ جاری

فیاض بخاری

 

بارہمولہ //شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن کے وانی گام بالا میں ایک مسلح تصادم آرائی ہوئی جس میں  ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ جاں بحق ہوگیا ۔ جھڑپ کے دوران2 فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے ، جبکہ آپریشن کے دوران فوج کا ایک خصوصی کتا بھی ہلاک ہوا۔اس دوران بنیر بارہمولہ میں رات دیر گئے ملی ٹنٹوں اور فورسز کے مابین جھڑپ شروع ہوئی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔ پولیس کے مطابق سرینگر بارہمولہ شاہراہ سے دو کلو میٹر دوری پر واقع پٹھ پورہ وانی گام بالا علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد29آر آر اور  176سی آر پی ایف اور 22بٹالین ایس ایس بی کی بھی خدمات حاصل کی گئیں اور سنیچر کی صبح ساڑے تین بجے ممکنہ بستی کا محاصرہ کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جونہی مشترکہ تلاشی کارروائی شروع کی گئی تو دو کمروں پر مشتمل ایک خالی رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے دوران فائرنگ کا زوردار تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔

 

اس دوران سیکورٹی فورسز نے آس پاس کے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سبھی راستوں کو سیل کردیا۔گولی باری اور شلنگ سے خالی مکان کو کافی نقصان ہوا جبکہ نزدیکی دو رہائشی مکانوں سے دو کنبوں کو دوسری جگہ پر منتقل کیا گیا ۔ صبح ہوتے ہی آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیااور طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا ، جس میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا، جس کی شناخت کی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دوران شب ہوئی فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی اور ایک  پولیس اہلکاربھی زخمی ہوئے ۔ جنہیں علاج و معالجہ کیلئے فوری فوری پر اسپتال لیا گیا ۔ہفتے کی صبح ساڑھے 11بجے آپریشن ختم کیا گیا۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے جھڑپ کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں کچھ ملی ٹنٹ چھپے بیٹھے ہیں جس کی بنا پر فوج کی 29 آر آر ، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا ۔  انہوں نے کہا کہ اس دوران چھپے ہوئے ملی ٹنٹ نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔ جس میں ایک عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی زخمی ہوگئے جن میں دو فوج کے اور ایک پولیس کا جوان شامل ہے جبکہ آپریشن کے دوران فوج کا خصوصی سونگھنے والا کتا بھی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا ۔ انہوںنے مذید بتایا کہ مارے گئے ملی ٹنٹ کے قبضے سے ایک اے کے 47 ، میگزین اور ایک پوچ برآمد ہوا۔ادھر پولیس نے بتیا کہ کم از کم 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنیر بارہمولہ میں رات کے پونے 11بجے محاصرہ کیا گیا اور ناکہ بندی کرکے تلاشی کاروائی شروع کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ جونہی پولیس پارٹی مکنہ  جگہ پر پہنچی تو ملی ٹینٹوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین فائرنگ کا تبالہ شروع ہو ا جو رات دیر گئے آخری اطلاع آنے تک جاری تھا۔پولیس نے گائوں کی ناکہ بندی کرکے ملی ٹینٹوں کے فرارکے ممکنہ راستوں کو سیل کردیا ہے۔