وانگچک و حامیوں کی چھٹے دن بھوک ہڑتال جاری رکھی

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی// ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک اور حامیوں نے دہلی کے لداخ بھون میں جمعہ کو چھٹے دن بھی غیر معینہ بھوک ہڑتال جاری رکھی۔اتوار کی دوپہر سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے کارکنوں کا معمول کا طبی معائنہ کیا گیا۔وانگچک نے حال ہی میں کہا تھا کہ جو لوگ دہلی کے لداخ بھون میں اپنی جاری بھوک ہڑتال کی حمایت کرنا چاہتے ہیں وہ 13 اکتوبر کو ایک دن کا روزہ رکھ کر ایسا کر سکتے ہیں۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ان سے ملنے آئے ہیں، اور بہت سے لوگوں نے پوچھا ہے کہ وہ لداخ کے مطالبات کی حمایت کیسے کر سکتے ہیں۔وانگچک نے اپنے حامیوں کے ساتھ لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے لیہہ سے دہلی تک مارچ کیا۔ انہیں دہلی پولیس نے 30 ستمبر کو راجدھانی کے سنگھو بارڈر سے حراست میں لیا تھا اور 2 اکتوبر کی رات کو رہا کر دیا گیا تھا۔