وانٹہ پورہ میں 24سالہ لڑکی پر تیزاب حملہ | ہسپتال منتقل ،کیس درج تحقیقات شروع

سرینگر //سرینگر کے پائین علاقہ حول سے ملحقہ عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ میں منگل کی شام نامعلوم افراد نے24 سالہ لڑکی پر تیزاب سے حملہ کرکے اُسے بری طرح زخمی کر دیا ۔حول سے ملحقہ عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ میں منگل کی شام اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم افراد نے 24 سالہ لڑکی کے چہرے پر تیزاب سے حملہ کرکے اُسے بری طرح زخمی کردیا۔ جبکہ موقع سے نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔لڑکی کے چیخنے چلانے پر مقامی لوگوں نے اُسے فوری طور پرعلاج کیلئے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کردیا۔ صدر ہسپتال سرینگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کنولجیت سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینکنے سے اس کا چہرہ بری طرح جھلس گیا ہے ،لڑکی کا آپریشن چل رہا ہے ابھی ہم یہ نہیں بتاسکتے ہیں کہ آنکھوں کو نقصان پہنچا ہے کہ نہیں۔ اس بارے میں سرجری کے بعد ہی کچھ بتایا جا سکتا ہے ۔ادھر ایس پی نارتھ سرینگر اورنوہٹہ پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ پولیس حکام نے بتایا کہ معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے  اور اس سلسلے میں کئی افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے  تھانے میں طلب کیا گیا ہے۔