وادی کے مختلف امام باڑوںمیں عطیہ خون کے کیمپوں کا انعقاد ۔2000پوائنٹ جمع،جڈی بل میں 310پوائنٹ خون کا عطیہ

پرویز احمد
سرینگر //برطانیہ کی رضاکار تنظیم Who is Hussainنے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی میں عطیہ خون کے کیمپوں کا انعقاد کرکے ایک دن میں 50ہزار پوائنٹ خون جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مذکورہ رضاکار تنظیم کی جانب سے سنیچر کو وادی میں پروگرام کے تحت پ5مقامات پر عطیہ خون کے کیمپوں کا انعقاد کیا جس میں 2ہزار پوائنٹ خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو فراہم کیا گیا ۔ وادی میں Who is Hussainنامی رضاکار تنظیم کے ممبر ابرارعلی نے بتایا کہ وادی میں سنیچر کو پروگرام کے تحت امام باڈہ جڈی بل، امام بارگاہ آیت اللہ یوسف بمنہ، مرکزی امام بارگاہ بڈگام،مرکزی بارگاہ، گوم بانڈی میں رضاکاروں نے خون عطیہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امام باڈہ جڈی بل کے 310پوائنٹ خون کے علاوہ وادی کے مختلف امام بارگاہوںمیں 2000پوائنٹ خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو دیا گیا ہے۔ ابرار نے بتایا کہ برطانیہ کی رضاکار تنظیم نے سنیچر کو پوری دنیامیں ایک دن کے اندر 50ہزار پوائنٹ خون عطیہ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس موقع پر زونل میڈیکل افسر جڈی بل ربینہ عزیز نے بتایا کہ کیمپ کے دوران عطیہ خون کیلئے بہت اچھا رہا اور ہم نے کیمپ کیلئے ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ کو تعینات کیا تھا ۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں سکمز صورہ اور جی ایم سی بارہمولہ کی جانب سے عطیہ خون کیلئے کیمپوں کیلئے عملہ تعینات کیا گیا تھا ۔ دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان سے منسلک انجمن بلڈ ڈونرس گروپ اور Who is Hussain کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں عطیہ خون کا کیمپ منعقد کیا گیا جہاں درجنوں نوجوانوں نے حضرت امام حسین ؑ کے نام پر خون کا عطیہ دیا۔ کیمپ کے لئے ضلع اسپتال بڈگام ،ضلع اسپتال پلوامہ ،ضلع اسپتال شوپیان ،ضلع اسپتال کپوارہ نے پیشہ وارانہ خدمات انجام دی ڈائریکٹر یٹ ہیلتھ نے بھی اس کیمپ کے انعقاد میں سرگرم تعاون پیش کیا ۔خون کا عطیہ دینے والے نوجوانوں کے جذبہ انسانیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے کہا کہ کسی قیمتی جان کو بچانا شہید انسانیت حضرت امام حسین ؑ کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان نوجوانوں کے جذبہ حسینیت سے ترغیب پاکر دیگر نوجوان بھی اس کار ثواب کی طرف مائل ہو جائیں گے۔