وادی کی خاتون فٹ بال ٹیم کی وزیر داخلہ سے ملاقات

 نئی دہلی// جموں و کشمیر کی خاتون فٹ بال ٹیم نے منگل کو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ تین افسران سمیت 25 رکنی ٹیم میں ’جموں و کشمیر وزیر اعلی الیون‘ کی ٹیم بھی شامل تھی جنہوں نے حال ہی میں کولہاپور میں ہوئی خاتون فٹ بال لیگ میں حصہ لیا تھا۔ جموں و کشمیر زیر اعلیٰ 11میں سے پانچ وادی سے ، چار جموں سے اور دو لداخ سے تھیں۔ خاتون ٹیم نے ملاقات کے دوران مسٹر راج ناتھ کی توجہ ریاست میں کھیل کے بنیادی ڈھانچے اور زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی جانب دلائی تاکہ ریاست کے نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کا موقع مل سکے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں کھیل کی ترقی کے لئے پہلے ہی 100 کروڑ روپے کی اضافی رقم کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران ہی ریاست کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی سے فون پر بات کی اور کھلاڑیوں کی تشویشات سے انہیں آگاہ کیا ۔ ٹیم کے کوچ ستپال سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کھیل کونسل نے ریاست کے کل 22 میں سے 19 اضلاع میں فٹ بال اکیڈمی قائم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی الیون ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں چھ ہریانہ سے ، تین اڑیسہ اور بہار اور جھارکھنڈ سے ایک ایک کھلاڑی شامل ہے ۔ ٹیم کی کپتان افشا عاشق نے کہا کہ ریاست کے نوجوان کھلاڑیوں میں کافی صلاحیت ہے اور انہیں صرف ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ۔