سرینگر// لبریشن فرنٹ کے اہتمام سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے میں لبریشن فرنٹ کے قائدین پروفیسر ظفر خان، صابر گل اور تحسین گیلانی کے ساتھ ساتھ وہاں مقیم کشمیریوں اور حریت پسندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس احتجاج کا مقصد جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جبر و تشدد، قتل و غارت گری اور دوسرے مظالم خاص طور پر پلوامہ میں کئے گئے قتل عام کے خلاف آواز بلندکرنا تھا۔ مظاہرین نے کشمیر وادی میں جاری ظلم و جبر ، لوگوں کو بلاجواز اور غیر قانونی طور پر قید کرنے اور ایسے ہی دوسرے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بھارت کے ہاتھوں کو روک کر معصوم و مظلوم کشمیریوں کی دادرسی کرنا چاہئے تاکہ مظلوم اقوام کا انسانیت اور اخلاقی اقدار میں یقین کو بچایا جاسکے۔ اس موقعہ پر لبریشن فرنٹ کے انٹرنیشنل دفتر واقع لندن کی جانب سے دنیا کے کئی ممالک اور مقتدر تنظیموںکے نام تحریر ایک یادداشت بھی میڈیا میں تقسیم کی گئی ۔