وادی کا بہت بڑا کار چور گروہ بے نقاب | 4افراد گرفتار، 3روپوش،11کاریں اور موٹر سائیکل بر آمد

گاندربل //بڈگام پولیس نے کار چوری کے ایک بہت بڑے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 4 افراد کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے 11  گاڑیاں برآمد کیں۔9فروری کو پولیس سٹیشن بڈگام کو اطلاع ملی کہ کار چوروں کا ایک بہت بڑا گروپ بڈگام میں کام کر رہا ہے جو ضلع بڈگام اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سمیت بیرونی ریاستوں سے کاروں کی چوریاں انجام دیتے ہیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ گروہ کا طریقہ یہ تھا کہ وہ چوری کرکے کاروں کو لاتے تھے، اس کے بعدرجسٹریشن نمبر تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ بعض اوقات چوری کی گاڑی کا رنگ بھی تبدیل کرنے کے بعد جعلی دستاویزات تیار کرکے اور پھر لاکھوں روپے میں فروخت کرتے تھے۔چنانچہ پولیس نے کیس زیر نمبر28/2022  درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔دوران تحقیقات پولیس نے تیکنیکی شواہد کی بنیاد پر ضلع کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور 11 چوری شدہ کاریں اور موٹر سائیکلیں برآمد کیں جن میں سفید رنگ کی ہونڈائی کریٹا،سفید رنگ کی وٹارا، سیاہ رنگ کی ماروتی آلٹو،سفید رنگ کی ماروتی 800 تین عدد، ماروتی بلینو،سفید رنگ کی سکوڈا،موٹر سائیکل پلسر، ہونڈا موٹر سائیکل سمیت دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔، اس موقع پر کار چوری میں ملوث 4 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن کی شناخت فردوس احمد بیگ ولد عبدل رشید ساکن نصراللہ پورہ بڈگام، اعجاز احمد مندو ولد بشیر احمد ساکن راولپورہ،ارشاد احمد بٹ ولد محمد سلطان ساکن بگرو خانصاحب بڈگام اورریاض احمد ولد عبدالغنی ساکن نصراللہ پورہ بڈگام کے طور پر ہوئی۔ اسکے علاوہ گروہ میں شامل مزید 3افراد کی نشاندہی بھی ہوچکی ہے جوگرفتاری سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔اس ضمن میں مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔