سرینگر//وادی چناب سے تعلق رکھنے والے جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد71برس کے ہوگئے،جبکہ کانگریس لیڈروں نے غلام نبی آزاد کو اُن کے یوم پیدائش پر مبارکباددی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق اپنے بے باک انداز اور شفاف سیاست کیلئے مشہور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد7مارچ1949کو وادی چناب میں بھلیسہ تحصیل کے سوتی علاقے میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم مقامی اسکول میں حاصل کرنے کے بعد آزاد نے جموں کے جی جی ایم کالج سے سائنس میں گریجویشن کی جبکہ مزید تعلیم جاری رکھتے ہوئے1972میں کشمیر یونیورسٹی سے زولوجی مضمون میں ماسٹرس ڈگری حاصل کی۔ غلام نبی آزاد نے1973میں بھلیسہ میں کانگریس کے بلاک سیکریٹری کے طور پر اپنا سیاسی مستقبل شروع کیا،جبکہ دو سال بعد انہیں جموں کشمیر میں پارٹی کا یوتھ صدر بنایا گیا۔ غلام نبی آزاد کو1982میں کل ہند کانگریس کا یوتھ صدر مقرر کیا گیا۔7ویں لوک سبھا میں مہارشٹرا کے واشم پارلیمانی حلقہ انتخاب سے کامیابی کے بعد1982میں غلام نبی آزاد مرکزی حکومت میں قانون،انصاف اور کمپنی امورات کے وزیر مملکت بنائے گئے۔غلام نبی آزد نے معروف گلوکارہ شمیمہ دیو سے 1980میںشادی کی،جس کے بعد انکے2بچے جن میں بیٹا صدام نبی اور دختر صوفیہ نبی شامل ہیں۔ غلام نبی آزاد نے8 ویں لوک سبھا سے بھی1984میں جیت حاصل کی،جبکہ وہ1990,1996میں وہ مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کیلئے ممبرمنتخب ہوئے۔ نرسہما رائو کی حکومت میں غلام نبی آزاد شہری ہوا بازی اور پارلیمانی امور کے وزیر تھے۔ غلام نبی آزاد جموں کشمیر سے1996کے علاوہ2002اور2008میں ممبر نامزد ہوئے۔2005میں غلام نبی آزد جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ بنے تاہم امرناتھ اراضی قضیہ کے بعد انہیں جولائی2008میں مستعفی ہونا پرا۔ ڈاکٹر من موہن سنگھ کی سربراہی والی حکومت میں غلام نبی آزاد کو وزارت صحت کا قلمدان سونپا گیا۔2014میں غلام نبی آزاد راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر چن لئے گئے۔2015میں آزاد جموں کشمیر سے راجیہ سبھا کیلئے پھر سے نامزد ہوئے۔