سرینگر// حکومت نے وادی میں10 قصبوں و ضلع ہیڈ کوارٹروں کیلئے ماسٹر پلان کے مسودے سے متعلق تجاویز،اعتراضات اور نمائندگیوں کی جانچ اور احاطہ کیلئے بورڈوں کے قیام کو منظوری یتے ہوئے ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشاتی رپورٹ کو پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ان بورڈوں میں متعلقہ قصبہ جات کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ ڈائریکٹر لوکل باڈئز اور متعلقہ ٹاون پلانر کشمیر سمیت میونسپل کمیٹیوں و کونسلوں کے اعلیٰ افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔حکومت جموں کشمیر کی جانب سے کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ منوج کمار دیویدی نے اس حوالے سے سنیچر12فروری کو با ضابطہ طور پر ایک آرڈر بھی جاری کیا۔آرڈر میں کہا گیا’’ جموں کشمیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ضوابطہ مجریہ1976کے تحت مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کے کشمیر صوبے میں مختلف فریقین و متعلقین کی جانب سے ماسٹر پلان کے مسودے سے متعلق اعتراضات،مشاورت اور نمائندگیوں کا احاطہ و جانچ پڑتال کرنے کیلئے بورڈوں کے قیام کو منظوری دی جاتی ہے‘‘۔ہر بورڈ میں4افسران کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس بورڈ کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو سونپی گئی ہے ،جس کے حدود میں متعلقہ قصبے یا ٹائون آتا ہے۔ انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان10قصبہ جات یا ٹائونوں میں شمالی کشمیر کا معروف قصبہ سوپور،پٹن جنوبی کشمیر کا کولگام، قاضی گنڈ،اننت ناگ،بجبہاڑہ ،مٹن، پلوامہ، اورشمالی کشمیر کا کپوارہ،بانڈی پورہ قصبہ جات شامل ہے۔متعلقہ بورڈوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشاتی رپورٹ سرکار کے سامنے پیش کریں۔سوپور ماسٹر پلان 2013-32بورڈ کیلئے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کو چیئرمین تعینات کیا گیا ہے جبکہ بورڈ مین ڈائریکٹر لوکل باڈیز کشمیر ممبر اور چیف ٹائون پلانی کشمیر کو ممبر سیکریٹری کے علاوہ چیف ایگزیکٹو افسر میونسپل کونسل سوپور کو بھی ممبر نامزد کیا گیا ہے۔گریٹر پٹن ماسٹر پلان2020-40 بورڈ کیلئے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ چیئرمین ہونگے جبکہ بورڈ میں چیف ٹائون پلانر کشمیر،ڈائریکٹر لوکل باڈئز کشمیر اور میونسپل کمیٹی پٹن کے ایڈمنسٹریٹر ممبران کے طور پر کام کرینگے۔ ضلع کپوارہ کے ٹائون کیلئے مرتب شدہ ماسٹر پلان2020-40 کیلئے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر چیئرمین ہونگے جبکہ ڈائریکٹر لوکل باڈئز کشمیر اور چیف ایگزیکٹو افسر میونسپل کونسل کپوارہ ممبران اور چیف ٹائون پلانر کشمیر،ممبر سیکریٹری ہونگے۔ گریٹر بانڈی پورہ ماسٹر پلان2020-40 بورڈ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی سربراہی میں کام کریں گا جبکہ اس بورڈ مین ڈائریکٹر لوکل باڈئز کشمیر،چیف ٹائون پلانر کشمیر اور میونسپل کونسل بانڈی پورہ کے چیف ایگزیکٹو افسر شامل ہونگے۔جنوبی کشمیر کے کولگام ماسٹر پلان2018-38کے بورڈ کی کمان ڈپٹی کمشنر کولگام کو سنپی گئی جبکہ بورڈ میں ڈائریکٹر لوکل باڈئز کشمیر،چیف ٹائون پلانر کشمیر اور میونسپل کونسل کولگام کے چیف ایگزیکٹو افسر ممبر ہونگے۔ قاضی گنڈ ماسٹر پلان2020-40بورڈ کی کمان بھی ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کے ہاتھوں میں ہوگی جبکہ چیف ٹائون پلانر کشمیر،ڈائریکٹر بلدیہ اور میونسپل کمیٹی قاضی گنڈ کے ایڈمنسٹریٹر اس کے ممبر ہونگے۔انننت ناگ،بجبہاڑہ اور مٹن کے ماسٹر پلان برائے2020-40کے بورڈ میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر چیئرمین ہونگے،جبکہ بورڈ میں چیف ٹائون پلانر کشمیر،ڈائریکٹر لوکل باڈئز اور متعلقہ قصبہ جات اور ضلع ہیڈ کواٹر کی میونسپل کونسلوں و کمیٹیوں کے چیف ایگزکیٹو افسراں و اٰڈمنسٹریٹر ممبران کے طور پر اپنی خدمات انجام دینگے۔گریٹر پلوامہ ماسٹر پلان2020-40 کے بورڈ کیلئے ڈپٹی کمشنر پلوامہ کو چیئرمین جبکہ چیف ٹائون پلانر کشمیر کو ممبر سیکریٹری کے علاوہ ڈائریکٹر لوکل باڈئز اور میونسپل کونسل پلوامہ کے چیف ایگزکیٹو افسر کو ممبران کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
وادی میں10قصبوں و ضلع ہیڈکوارٹروں کیلئے ماسٹر پلان
