سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سومواربعد دوپہر وادی کے کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ تازہ برف باری کے بیچ انتظامیہ نے کچھ ایک علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے سوموار کے روز تازہ پیش گوئی کرتے ہوئے بتایاکہ8دسمبر یعنی آج بھی وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوں گی، جو 9دسمبر کی صبح تک جاری رہ سکتی ہیں۔ پیر بعد دو پہر سے ہی پہاڑوں پر ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک وقفے وقفے سے جاری تھا ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیر کی دو پہر شمال مغربی کشمیر، خطہ پیر پنچال،گلمرگ، سونہ مرگ اور زوجیلاو دراس علاقوں میں برف باری شروع ہوئی جو آہستہ آہستہ پوری وادی اور جموں کے پہاڑی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔محکمہ موسمیاتی کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہاکہ 7اور8دسمبر کوجموںوکشمیراورلداخ میں کہیں کہیں درمیانہ درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برف باری کازورزیادہ تربالائی علاقوں میں ہی ہوسکتاہے اورمیدانی علاقوں میں ہلکی برف باری اوربارش ہونے کاامکان ہے ۔موسم میں آئی تبدیلی کے بعد رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھی بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6ڈگری رہا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 4.2،پہلگام میں 1.5اور گلمرگ میں منفی3.5 ڈگر ی سلسیش تھا ۔