وادی میں ہلکی بارشیں،زو جیلا اور پیر کی گلی میں برفباری

 کنگن+شوپیان// زوجیلا میں برفباری کی وجہ سے 434طویل سرینگر لیہہ شاہراہ کو احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ بالائی علاقوں میں بعد دوپہر سے ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایس پی ٹریفک رورل کشمیر مظفر احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زوجیلا اور منی مرگ میں تازہ برف باری ہونے کی وجہ سے شاہراہ کو احتیاطی طور آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پھسلن کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ادھر وادی کے بعض میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں جبکہ گلمرگ سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی۔ جمعرات کی صبح سے ہی وا دی میں موسم ابرآلودرہا اور بعد دوپہر معمولی اور ہلکی بارشیں ہوئیں۔ گلمر گ میں ہلکی برفباری ہوئی ہے جبکہ ٹنگمر گ کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔  ادھرمغل روڈ پر تازہ برفباری ہونے کی وجہ سے اسے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔جمعرات کی شام پیر کی گلی پر برفباری ہونے کی وجہ سے روڑ کو بند کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تازہ برفباری ہونے کی وجہ سے بہت سی جگہوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔