وادی میں گرمی کی شدت میں پھر اضافہ

سرینگر//حالیہ کئی دنوں سے سہ پہر ،شام اوردوران شب بارشیں ہونے کے بعد جمعرات کو گرمی کی تپش پھر بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات نے 19 سے 21 جولائی تک جموں وکشمیرمیں گرج چمک کیساتھ بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ پونچھ ،راجوری اورریاسی کے علاوہ کشمیر وادی میں بھی کہیں کہیں 19سے21جولائی تک ہلکی تا درمیانہ درجے کی بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں 19 سے 21 جولائی تک بارشوں کااگلامرحلہ ہوگا اوراس دوران موسلادھار بارشیں ہونے کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں یعنی بدھ کی شام سے جمعرات کی صبح تک سرینگرمیں ایک اعشاریہ تین ،جموں میں 25اعشاریہ آٹھ ،بٹوت میں19.6،کٹرہ میں 13.8،بانہال میں 1.2،بھدرواہ میں 7.2، پہلگام میں13.7،گلمرگ میں8.8،قاضی گنڈمیں3.2،کوکرناگ میں1.4اورکپوارہ میں بھی 1.4ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جموں وکشمیر میں اس دوران کم سے کم درجہ حرارت10ڈگری سیلشیس درج کیاگیا۔