سری نگر/ /وادی میں کرونا وائرس پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر ضلع سطح پر روکتھام کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے دوران وائرس کے امکانی خطرات سے نمٹنے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترقیاتی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور لوگوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے لازمی جانکاری فراہم کریں۔ادھر ترقیاتی کمشنر بڈگام طارق حسین گنائی نے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا دورہ کر کے کرونا وائرس کے خطرات سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے چنئی میں سرمایہ کاری کے سمٹ کے سلسلے میں منعقد روڈ شو پروگرام میں شرکت کے بعد سری نگر ہوائی اڈے پہنچنے پر کرونا وائرس کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو تیاری کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔ اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ کسی بھی امکانی خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔دریں اثنا ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے ضلع میں کرونا وائرس کے خطرات کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلانے اور لوگوں میں خوف و تشویش پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اب تک ضلع میں کرونا وائرس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں او رجو لوگ ان کارروائیوں میں ملوث پائے جائیں گے اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کپوارہ کے اسکولوں میں مارننگ اسمبلی معطل
اشرف چراغ
کپوارہ// وادی کشمیر میں کورنا وائرس سے بچائو کو مد نظر رکھتے ہوئے جہا ں 4اضلاع میں فی الحال پرائمری سطح تک سکولو ں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،وہیں کپوارہ ضلع کے تمام سرکاری سکولو ں میں مارننگ اسمبلی کو معطل کر دیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے با ضابطہ طور ایک حکم نامہ جاری کیا اور اس سے احتیاطی طور ایک قدم قرار دیا ۔انہو ں نے کہا کہ لوگو ں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ پٹن کااسکولوں کا معائنہ
سرینگرسب ڈویژنل مجسٹریٹ پٹن نے حکام کے ہمراہ تحصیل کے مختلف طبی مراکز اور اسکولوں کا معا ئنہ کرکے کورونا وائرس سے بچا ئوکیلئے اٹھا ئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ تحصیلدار پٹن، اور دیگر سر کاری افسر اور ڈاکٹر بھی تھے۔ دورے کے دوران سب دویژنل مجسٹریٹ نے میر گنڈ، گنڈ خواجہ، ژ ینہ بل اور دیگر علاقوں میں اسکولوں اور طبی مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوںنے اسکولوں کے منتظمین اور طبی عملے کو اس سلسلے میں سر کار کی طرف سے جاری ہدایات کوعملانے پر زوردیا ۔ ایس ڈی ایم پٹن کے مطابق معا ئنہ کے دوران تمام اسکولوں اور اسپتالوں میں کورونا وائرس کے بچا ئو سے متعلق احتیا طی تدا بیر پر عمل کیاجارہا ہے۔