وادی میں پہلی برفباری آج متوقع | موسمی پیش گوئی کے پیش نظرگریز بانڈی پورہ روڑ بند

سرینگر//وادی کشمیر میں موسم کی پہلی برف باری کی پیشگوئی کے بیچ ہفتہ کو بادل چھائے رہنے کے درمیان شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری آئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ برفباری 4دسمبر کی رات سے شروع ہونے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ6 دسمبرتک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 دسمبر کو برفباری کی زیادہ سرگرمی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں 2سے3 انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 6سے7 انچ تک برفباری کا امکان ہے۔ اونچائی پر کچھ ایک علاقوں میں بھاری برف باری بھی ہو سکتی ہے۔، لیکن وادی کے میدانی علاقوں میں مجموعی طور پر کوئی بھاری برفباری نہیں ہوگی۔ انہوںنے بتایا کہ جموں خطہ کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارشیں ہونگی۔انہوں نے کہا کہ برف باری کے نتیجے میں بالائی علاقوں کی سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔سنیچر کی شامپیش گوئی کے مطابق کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہونے کی اطلاع ہے ۔ادھرمحکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات شبانہ درجہ حرارت منفی0.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو کہ گذشتہ رات  منفی2.4ڈگری سلسیش تھا ۔ پہلگام میں منفی 2.0 اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری،کرگل میں منفی 2.0 ، دراس میں منفی 10.7 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر ایس ڈی ایم گریز نے گریزبانڈی پورہ سڑک کو عارضی طور پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ برف باری کے دوران بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں ۔انہوں نے ایک حکم نامہ میں افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں تک ہر ایک سہولیات پہنچانے کیلئے تیار ی کی حالت میں رہیں ۔