وادی میں پہلی الیکٹرک کار متعارف

سرینگر//ٹرانسپورٹ ، پشو و بھیڑ پالن و ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری اصغر حسن سامون نے کل سٹیٹ موٹر گراجز کی طرف سے وادی میں متعارف کی گئی پہلی الیکٹرک کار کا ٹیسٹ ڈرائیو کیا ۔ ٹیسٹ ڈرائیو کے دوران سامون کو ماہرین نے کار کے فوائد اور اہمیت سے روشناس کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ اس طرح کی کار شہر میں بخوبی چلائی جا سکتی ہے اور اس کے استعمال سے کسی بھی قسم کی کثافت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ اس طرح کی کار موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے فلیٹ میں شامل کرنے سے تیل کا خرچہ بچایا جا سکتا ہے بلکہ اس گاڑی کو چلانے والے محفوظ، صاف و شفاف اور صحت مند ڈرائیونگ سے محظوظ ہوں گے ۔ لوگوں کو اس طرح کی گاڑیوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات یقینی بنانے کیلئے الیکٹرک بسوں کو بھی متعارف کرائیں ۔بعد میں سامون نے محکمہ کے 117 ملازمین میں ترقی کے احکامات تقسیم کئے ۔