وادی میں موسلا دھار بارشیں بالائی علاقوں میں بھاری برفباری، شاہراہ بند

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ سنیچر دن بھر جاری رہا۔وادی کے سبھی صحت افزاء مقامات پر جم کر برفباری ہوئی اور اس دوران گلمرگ میں زائد از ایک فٹ تازہ برف ریکارڈ کی گئی۔متعلقہ محکمے کے مطابق سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، جبکہ قاضی گنڈ میں 45.4 ملی میٹر، پہلگام میں 27.5 اور( 0.8 سینٹی میٹر برف)، کپوارہ میں 16.6 ملی میٹر، کوکرناگ میں 30.4ملی میٹر ، جموں میں 6.7ملی میٹر، بانہال 74.4.2 ملی میٹر، بٹوٹ 41.9 ملی میٹر، کٹرہ 9.0 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 55.4.0 ملی میٹراور گلمرگ میں 38.1 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ۔ ہفتے کی صبح تک سونہ مرگ میں 2 فٹ جبکہ گلمرگ میں 1.5 فٹ، دودھ پتھری میں ایک فٹ، پیر کی گلی میں 3 فٹ، سادھنا ٹاپ پر 3 فٹ، سنتھن ٹاپ پر 2 فٹ، گریز وادی میں 2 فٹ برف جمع ہوئی تھی ۔ ان تمام مقامات پر برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔متعلقہ محکمے کی طرف سے جاری ایڈائزری میں کہا گیا ہے: ‘جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں 29 فروری کی شام سے مغربی ہوا ئوںکی لہر داخل ہوئی جس کے زیر اثر جموں و کشمیر میںیکم مارچ کی صبح سے برفباری اور بارشوں کا سلسل ہ شروع ہوا جو 3 مارچ کی دو پہر تک جاری رہے گا۔
شاہراہ بند
ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان تیز بارشوں کی وجہ سے گر آئی پسیوں اور پتھروں کے نتیجے میں قومی شاہراہ ہفتے کی صبح سے ٹریفک کی نقل وحرکت کیلئے بند رہی۔ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی رات سے شدت کے ساتھ جاری مسلسل بارشوں کیوجہ سے قومی شاہراہ پر ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ ، سیری ، کیلاموڑ ، ماروگ ، بیٹری چشمہ ، رامسو ، ہنگنی ، شیر بی بی اور شالگڑی کے مقامات پر پسیاں، پتھر اور کیچڑ کا سینکڑوں ٹن ملبہ گر آیا۔ ہفتے کی صبح سے ہی جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ بیشتر ٹریفک نگروٹہ ، ادہمپور اور ناشری ٹنل کے پار روکا گیا ۔ادھر شوپیان کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر برف جمع ہونے کے باعث ٹریفک مسلسل بند ہے جبکہ سنتھن – کشتواڑ روڈ، بانڈی پورہ – گریز اور کپواڑہ – ٹنگڈار روڈ پر بھی ٹریفک ہنوز معطل ہے۔