وادی میں موسلا دھار بارشیں | پہاڑوں پر تازہ برف باری، سرینگر اوربڈگام میں اولے پڑے

 سرینگر // ٹنل کے آر پار سبھی اضلاع میں منگل کے روز ایک بار پھر سہ پہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشیں شروع ہوئیں اور کئی علاقوں میں شالہ باری کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوئی۔منگل کو وادی کے ساتھ ساتھ خطہ چناب اور پیر پنچال میں موسم ابرالودرہااور بعد دوپہر بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں شروع ہوئیں جو وقفے وقفے سے رات دیر گئے جارہی ر ہیں۔شہر سرینگر میں تیز ہوائوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔بڈگام ضلع بھر میں تیز اورشدید ہوائوں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جو کئی منٹوں تک جاری رہی ۔ژالہ باری کے نتیجے میں ضلع میں بادام اور دوسرے میوہ جات کے شگوفوں کو کافی نقصان پہنچا ،جبکہ وانگواس گوگجہ پتھری میں تیز بارشوں کے بعد زمین کھسکنے کے واقعات رونما ہونے کی وجہ سے آبادی میں خوف ودہشت پھیل گئی ۔زمین دھنس جانے کے سبب وانگواس میں ایک مکان ،جس میں دو بھائیوں کے12 افراد خانہ مکین تھے، کو کافی نقصان پہنچا جبکہ مزید 2 مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ۔گاندربل سے ارشاد احمد نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیںجبکہ سونہ مرگ میں اورزوجیلہ میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔شوپیاں سے شاہد ٹاک کے مطابق منگل کو دوپہر بعد موسم ابرالودہواجس کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری رہا۔ پیر کی گلی پر تازہ برف باری ہوئی جو رات گئے تک جاری تھی ۔پلوامہ اور ترال میں بھی موسلادھار بارشیں ہوئیں جو شام تک جاری تھیں ۔اننت ناگ سے عارف بلوچ کے مطابق ضلع میں شام دیر گئے تک وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی تھیں ۔اسی طرح کپوارہ ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ میں بھی ہلکی بارشیں ہوئیں ۔ ریاسی سے نمائندے زاہد ملک کے مطابق وہاں پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی ،جبکہ زاہد بشیر نے رام بن سے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے بانہال ، رام بن ، گول ، سنگلدان اور دیگر علاقوں کی اوپری پہاڑیوں پر تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔ڈوڈہ سے اشتیاق ملک اور کشتواڑ سے عاصف بٹ کے مطابق دونوں اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوئیں جو شام دیر گئے تک جاری تھیں ۔اُدھر پونچھ اور راجوری اضلاع میں بھی بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران ٹنل کے آر پار بارشوں اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔