سرینگر//سخت ترین سردی کے بیچ محکمہ موسمیات نے 11سے 13جنوری تک وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ حالیہ برف باری کے بعد موسم میں آئی معمولی تبدیلی سے جہاں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے وہیں دن کے دوران یخ بستہ ہوائوں نے بھی وادی اور لداح خطہ میں اپنا ڈھیرا جمالیا ہے ۔شبانہ منفی درجہ حرارت سے برف کا پانی گلی کوچوں ،سڑکوں اور شاہر اہوں پر منجمند ہونے کے باعث شدید پھسلن پیدا ہوگئی ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس نے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ ان حالات میں ’ٹو ویلر ‘ یعنی( دو پہیہ گاڑی )کو چلانے سے گریز کرنے کیساتھ ساتھ گاڑیوں کی رفتار انتہائی کم رکھیں اور برف زدہ علاقوں میں ٹائیروں پر زنجیر کا استعمال کریں ،تاکہ سڑک حادثات سے بچا جاسکے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ برف باری کے بعد وادی میں دن کے دوران ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں اور وادی بھر میں رات کو کم سے کم درجہ حرارت میں ایک مرتبہ پھر سے گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے ۔محکمہ کے مطابق سرینگر شہر میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0ڈگری سلسیش ریکارڈ گیا گیا ہے جو گذشتہ رات کے مقابلے میں زیادہ تھا ۔ترجمان کے مطابق قاضی گنڈ میں منفی 5.3اور پہلگام میں منفی 12.5ڈگری سلسلیش ریکارڈ کیا گیا اور اس طرح پہلگام میں یہ رات اس سال کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ہے ۔ترجمان کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9،کوکرناگ میںمنفی 4.7اور گلمرگ میں منفی 11.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔لیہہ علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.8اور کرگل میں منفی 17.6ڈگری سلسلیش ریکارڈ گیا گیا ۔ کرگل کا دراس کا علاقہ سب سے سرد ترین رہا جہاں درجہ حرارت منفی 24.8ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 10جنوری کی دوپہر تک موسم خشک رہے گا اور 11سے 13تک وادی کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 10جنوری تک رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔
وادی میں سردی کا کمال، پارہ مزید گریگا، دراس میں درجہ حرارت منفی 24.8ریکارڈ
