عارف بلوچ+اظہر حسین
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور کولگام میں ہوئی دو مختلف تصادم آرائیوں میں ایک جنگجو کمانڈر مارا گیا ہے، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے سرہامہ بجبہاڑہ میں دوران شب سیکورٹی فورسز اور جنگجوو¿ں کے درمیان شروع ہونے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اننت انکاو¿نٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا جبکہ آپریشن ہونز جاری ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا، ”مارے گئے لشکرِ طیبہ کمانڈر کی شناخت کولگام کے رڈوانی بھالہ علاقہ کے رہائشی نثار احمد ڈار کے طور ہوئی ہے“۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے سر ہامہ بجبہاڑہ گاوں میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دوران شب اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا۔
دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کیا ہے۔
کولگام تصادم آرائی:جنگجوفرار ہونے میں کامیاب
کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چیک صمد ڈی ایچ پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے، جس میں 2پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں جبکہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے چیک صمد ڈی ایچ پورہ میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجووں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں کو مار گرانے کی خاطراضافی سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو جائے تصادم کی اور روانہ کیا گیا ، لیکن جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔