سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جموں وکشمیر کے موسم میں ایک بار پھر تبدیلی آئی اور بدھ کو وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں معمولی بارشیں ہوئیں۔ محکمہ نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران وادی میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکے درجے کی برف باری اور بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ 3 فروری کو میدانی و بالائی علاقوں میں برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ 4 فروری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 6اور 7فروی کو جموں کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے ۔ادھر سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔گلمرگ میں منفی8.0 اورپہلگام میں منفی6.1 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھرجمعرات کو بعد دوپہر تک سرینگر سمیت وادی بھر میںموسم ابرآلود رہا اور یخ بستہ ہوائیں چلیں۔ تاہم اس کے بعد شوپیان کپواڑہ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ،سونہ مرگ ، حاجی بل ، گلمرگ سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوتی رہی۔سونہ مرگ سے غلام نبی رینہ کے مطابق زوجیلہ ،سونہ مرگ ،گگن گیر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا ۔ کپواڑہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع بھر بھی باری برف ہوتی رہی ۔شاہد ٹاک کے مطابق شوپیان قصبے میں سہ پہر کو ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جو شام تک جاری رہا جبکہ پیر کی گلی میں اچھی خاصی برفباری ہوتی رہی۔شہر سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں شام دیر گئے تک بارشیں ہوتی رہیں۔
وادی میں دن بھر یخ بستہ ہوائیں چلیں
