وادی میں درجہ حرارت 30ڈگری تک پہنچا

 سرینگر //کشمیر وادی میںگرمی نے دستک دے دی ہے اور گذشتہ 2 روز اس موسم کے سب سے گرم دن ثابت ہوئے ہیں تاہم جمعہ کے مقابلے جمعرات کو گرمی کی تپش تھوڑی زیادہ رہی ۔ جمعہ کو شہر سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ ضلع کپوارہ وادی میں سب سے گرم علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 30.1ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔جمعرات کو یہ درجہ حرارت 30ڈگری سلسیش تھا ۔یار رہے کہ وادی کشمیر میں اس سال موسم ابھی تک کافی سرد رہا تاہم جمعرات اور جمعہ کو اس میں تبدیلی رونما ہوئی جس دوران شدت کی گرمی محسوس کی گئی جمعہ کو شام کے وقت اگرچہ کچھ دیر تک آسمان پر بادل چھا گئے البتہ گرمی کی شدت برابر محسوس کی جا رہی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر سرینگر میں جمعہ کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں 29.8،پہلگام میں 27.8کپوارہ میں 30.1،کوکرناگ میں 28.3گلمرگ میں 20.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگلے کچھ دنوں تک بادل رہنے کا امکان ہے اس دوران کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے مقابلے میں جمعرات کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت زیادہ رہا ۔