وادی میں تازہ برف و باراں| 22 اپریل تک موسم میں نہیں ہو گی تبدیلی

غلام نبی رینہ
 

گاندربل// وادی کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے کسان طبقے سے وابستہ لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 

وسطی ضلع گاندربل کے سونہ مرگ، زوجیلا ،منی مرگ اور گگن گیر پنجترنی میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ پہاڑیوں پر تازہ برفباری سے سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے تاہم تازہ برفباری سے سیاح سونہ مرگ میں خوش نظر آرہے ہیں۔

 

ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وادی میں 22 اپریل کو بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارشوں کے علاوہ ڑالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق وادی گریز ، مڑھل، سونہ مرگ اور شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جبکہ زوجیلا پر دو انچ برف جمع ہوئی ہے۔