وادی میں بادل بھی برسے، تیز ہوائیں بھی چلیں

سرینگر+بانہال// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بدھ کی شام سے قبل ہی بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہوا۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم ڈاکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ جموں کشمیر 7 مارچ تک مغربی ہواؤں کے زیر اثر رہے گا جس دوران بالائی علاقوں میں درمیانی درجے سے بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں طوفان برق وباد کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ 6 مارچ کو وادی کے میدانی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔موصوف ناظم نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن- بانہال علاقے میں مٹی کے تودے گر آنے کا بھی خدشہ ہے۔ادھر بانہال کے پہاڑوں پر تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کے روز بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور بدھ کے روز شاہراہ پر منگل سے درماندہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔ تاہم جموں اور ریلوے سٹیشن بانہال سے مسافر گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت تھی۔ اس دوران رام بن کے نزدیک پچھلے دنوں چناب برد ہوئے ایک ٹرک میں سوار ممکنہ طور پر ایک شخص کی لاش باہر نکالنے کیلئے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم چار گھنٹوں تک معطل رہی تاہم ٹرک میں سے کسی بھی شخص کی لاش برآمد نہیں ہوسکی ۔ ڈی ایس پی ٹریفک بانہال شمشیر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو  بتایا کہ شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بلا خلل چلتا رہا اور درماندہ ٹریفک کے علاوہ آج جموں سے مزید مسافر گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر ٹریفک شام تک جواہر ٹنل پار کر چکا تھا۔ منگل کے روز رام بن اور پیڑاہ علاقوں میں بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی تھی۔ وادی میں بدھ کے روز اگرچہ موسم سہ پہر تک خشک رہا تاہم بعد ازاں مطلع ابر آلود ہوتے ہی پانچ بجے کے بعد بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 2.7 اور 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔