وادی میں اب تک10لاکھ پودوں کی شجرکاری

اننت ناگ //شجر کاری مہم پروگرام کے تحت اب تک وادی میں10لاکھ  پودے لگائے گئے ہیں۔ ان باتوں کی جانکاری چیف کنزرویٹر سائوتھ سرکل عرفان علی شاہ نے کنڈ کولگام میں شجرکاری پروگرام کے موقع پرذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کیا ۔چیف کنزرویٹر نے کہا کہ محکمہ نے جموں کشمیر میں امسال 1 کر وڑ 30 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں اب تک قریبا 90 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لائے جارہے ہیں ہم نہ صرف درخت لگانے پر اکتفا کررہے ہیں بلکہ انکی نگہداشت حفاظت و آبیاری کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس حوالے سے باقائدہ مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام میں درختوں کی اہمیت و افادیت اجاگر کی جائے اور اسی سلسلے میں محکمہ جنگلات عوام میں مفت  پودے بھی تقسیم کررہا ہیں۔ اسی طرح مختلف سرکاری محکموں  مختلف اسکولز کالجز میں بھی بوٹے تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگا کر موسمیاتی تبدیلیو ں سے نمٹا جاسکتا ہے اورماحول کو آلودگی سے پاک کیاجاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کوچاہے کہ وہ اپنی گلی، محلوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔موصوف نے کہا کہ جنگلوں میںبرسوں سے گری ہوئی لکڑی کو صارفین تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لئے محکمہ نے جنگلوں میں ٹریک بنانے کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ نوجوان قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں ۔اس سے پہلے گورنمنٹ مڈل اسکول کانچلو کنڈ میں شجرکاری مہم کے دوران سینکڑوں پودے لگائے گئے ۔تقریب میں ڈی ایف او اننت ناگ محمد رمضان میر، ڈی ایف او لدر شیخ معراج، ڈی ایف او سوشل فارسٹری شمع روہی کے علاوہ ملازمین و مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے دوران بہترین  سماجی خدمات انجام دینے والے افراد کو اعزاز سے نوازا گیا۔