وادی میںبلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ، 36حلقوں میں ووٹنگ آج

 میونسپل کمیٹی پلوامہ ،شوپیان، کھریو،پانپور، پٹن اورڈورو میں کوئی پولنگ نہیں 

 
سرینگر// وادی میںبلدیاتی انتخابات کے آخری اور چوتھے مرحلے میں132وارڈوں میںآج پولنگ ہوگی،جس میں مجموعی طور پر 202 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس مرحلے میں52 انتخابی وارڈوں میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ44 انتخابی وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار نہیں ہے،لہٰذا صرف36 وارڈوں میں ہی انتخاب ہوگا اور بنیادی طور پر155امیدواروں کے درمیان ہی مقابلہ ہونا ہے۔جنوبی کشمیر میں منگل کو مجموعی طور پر77وارڈوں پر انتخاب ہونا تھا،تاہم بیشتر وارڈوں پر یا تو ایک ہی امیدوار میدان میں ہیں یا تو نشستیں خالی ہیں،جس کی وجہ سے کسی بھی وارڈ میں انتخاب نہیںہوگا۔ شمالی کشمیر کی پٹن  میونسپل کمیٹی میں بھی انتخاب نہیں ہوگا،تاہم صرف گاندربل اور سرینگر کے36وارڈوں میں ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔

سرینگر

 سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے25 وارڈوں میں آج انتخاب ہونا ہے،جہاں ایک وارڈ میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوا ہے ، لہٰذا صرف24وارڈوں میں ہی انتخاب ہوگا۔سرینگر کے نیو تھید،ہارئون، نشاط،برین، ڈلگیٹ،پانتہ چوک، کائوڈارہ،حول،علمگری بازار،گلی کدل، نوشہرہ، لال بازار، بٹہ شاہ محلہ،عمر کالونی، جوگی لنکر،کاٹھی دروازہ،لکٹ ڈل، بڈ ڈل،حضرت بل، تیل بل،حبک،صورہ،بژھ پورہ،احمد نگر،زکورہ،چھتر ہامہ انتخابی وارڈوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔سرینگر میں مجموعی طور پر113امیدوار میدان میں ہیں۔

گاندربل

 وسطی ضلع گاندربل میونسپل کمیٹی کے 17 وارڑ وںکیلئے انتخابات کے سلسلے میں کل 10 خواتین سمیت 42 امیدوار میدان میں تھے۔17 وارڑوں میں سے 5 وارڑ وںمیں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جن میں سے تین خواتین بھی شامل ہیں۔ اب 12 وارڑ وںکے لئے 6 بی جے پی،7 کانگریس،25 آزاد امیدوار میدان میں قسمت آزمائی کررہے ہیں جن میں سے 7خواتین بھی ہیں۔

 ضلع پلوامہ

پلوامہ میونسپل کمیٹی کے لئے بھی آج انتخاب  ہونا ہے۔لیکن یہاں کے13وارڈوں میں2امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں،جبکہ دیگر11وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار میدان میں نہیں ہے ،لہٰذا اس میونسپل کمیٹی میں آج کوئی بھی پولنگ نہیں ہوگی۔ضلع کی پانپور میونسپل کمیٹی17وارڈوں پر مشتمل ہے، جہاں12وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار نہیںاور دیگر5وارڈوں میںامیدواربلا مقابلہ کامیاب ہوگئے۔یہاں بھی کوئی پولنگ نہیں ہوگی۔پلوامہ کی کھریو میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے،اور اس کمیٹی میں کوئی بھی انتخاب نہیں ہوگا۔

 شوپیان، ڈورو، پٹن

 حساس ضلع شوپیان میونسپل کمیٹی 17وارڈوں  پر مشتمل ہے۔یہاں کے 12انتخابی وارڈوں میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں،جبکہ دیگر5وارڈوں پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے،اور یہ نشستیں خالی ہیں۔لہٰذا یہاں بھی کوئی انتخاب نہیں ہوگا۔جنوبی کشمیر کے ڈورو۔ویری ناگ میونسپل کمیٹی کے17وارڈوں میں سے16وارڈوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے،جبکہ ایک وارڈ پر کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے۔ پٹن میونسپل کمیٹی کے2وارڈوں میںکوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں ہوا ہے جبکہ13وارڈوں پر مشتمل اس میونسپل کمیٹی میں دیگر11وارڈوں میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہونگے۔

دوبارہ پولنگ

تیسرے مرحلے میں باچھی دروازہ مخدوم صاحب میں دوبارہ پالنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لہٰذا آج یہاں دوبارہ پولنگ ہوگی۔
 

جہاں چنائو وہاں بائیکاٹ وہڑتال: مزاحمتی قیادت

سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے عوام سے یہ اپیل پھر دہرائی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کے موقعہ پر آج یعنی 16 اکتوبر بروز منگل کوبھی درج ذیل مقامات اور علاقہ جات میں مکمل بائیکاٹ اور احتجاجی ہڑتال کرکے اس مشق سے عملاً دور رہ کر اسے کلی طور پر مسترد کریں۔نیو تھید، ہارون، نشاط، برین، ڈلگیٹ، پانتھہ چوک، پالہ پورہ، تارہ بل، کائوڈارہ، حول، علمگری بازار، گلی کدل، نوشہرہ، لالبازار، بوٹہ شاہ محلہ، عمر کالونی، جوگی لنکر، کاٹھی دروازہ، لوکٹ ڈل، بوڈ ڈل، حضرت بل، تیل بل، حبک، زکورہ، چھتر ہامہ، صورہ، بژھ پورہ، احمد نگر،پٹن ، گاندربل، پانپور، کھریو، پلوامہ، شوپیاں، ڈورو ویری ناگ میں ہڑتال کرنے کی اپیل کی ۔مزاحمتی قائدین نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکمرانوں کی جانب سے ان پر مسلط کئے گئے نام نہاد انتخابی عمل کو گزشتہ مراحل کی طرح مکمل طور مسترد کریں اور اس دن ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کرکے تحریک کے تئیں اپنی بھر پور وابستگی کا مظاہرہ کریں۔
 

۔37 وارڈوں میں156 اُمیدوار میدان میں: سی ای او

سرینگر//چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا نے کہا ہے کہ ریاست میں16 اکتوبر کو میونسپل انتخابات2018 کے آخری مرحلے میں سرینگر اور گاندر بل میں308 پولنگ مراکز پر صُبح6 بجے سے شام4 بجے تک پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں37 وارڈوں میں 156 اُمیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔سی ای او نے کہا کہ گاندر بل میونسپل کمیٹی میں8491 ووٹر12 وارڈوں میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جبکہ12 پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ ہوگی اور38 اُمیدوار میدان میں ہیں۔سرینگر میں24 وارڈوں کے295 پولنگ مراکز پر241043 ووٹر ووٹ دینے کے اہل ہیں اور113 اُمیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچی دروازہ مخدوم صاحب کے پولنگ سٹیشن نمبر9 ، وارڈ41 پر دوبارہ پولنگ ہوگی جہاں پانچ اُمیدوار میدان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے پہلے ہی انتخابی علاقوںمیں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔