وادی بھر میں شبانہ بارشیں

اشفاق سعید
سرینگر //بارشوں کے پیش نظر وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں بہت حد تک گراواٹ آئی ہے ۔جمعرات کوکچھ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میںبارش کے بعد محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا اونچائی پر برفباری کے ساتھ ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی تھی جس کے بعد جمعہ کو بھی کہیں بوندا باندی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری کی توقع ہے۔انہوں نے کہاکہ اگلے ہفتے تک کسی بڑی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیںہے لیکن بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ کبھی کبھار ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6ڈگری ریکارڈکیا گیا جوکہ معمول سے 0.3 ڈگری کم تھا۔ جبکہ جمعرات سے جمعہ کی صبح ساڑھے8بجے تک سرینگرمیں 10.3 ملی میٹر بارش ہوئی ۔گلمرگ میں جمعرات سے جمعہ کی صبح ساڑھے8بجے تک15.4 ملی میٹر بارش ہوئی اور گزشتہ رات یہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیاجوکہ معمول سے3.3 ڈگری کم تھا۔ قاضی گنڈ میںجمعہ کی صبح تک23.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور درجہ حرارت 5.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ کوکرناگ میں16.2 ملی میٹر ،پہلگام میں18.6 ملی میٹر ، کپوارہ میں2.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔