وادی بھر میں دن بھر بجلی بریک ڈائون

 سرینگر // بھاری برف باری کے دوران شہر سرینگر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں دن بھر بجلی سپلائی ٹھپ رہی۔تاہم محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ 1550میں سے 900میگاواٹ بجلی سپلائی بحال کی گئی ۔بھاری برفباری کی وجہ سے 6ٹاور گر گئے جبکہ سینکڑوں کھمبے بھی ا کھڑ گئے ۔ برفباری سے ٹرانسمیشن لائنوں اور کھمبوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ کولگام سے نمائندے خالد جاوید کے مطابق میر بازار گرڈسٹیشن کو پہنچنے والے نقصان کے نتیجے میں ضلع بھر میں بجلی سپلائی متاثر ہو چکی ہے۔ محکمہ بجلی کے ایگزیکٹیو انجینئر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 132کے وی  ٹرانسمیشن لائن میر بازار گرڈ سٹیشن کولگام کا ایک ٹاور مکمل طور پر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کولگام ضلع میں بجلی بحال کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ضلع کولگام اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔چاڈورہ بڈگام  اور بالہامہ سرینگرمیں بھی بجلی ٹائوروں کو نقصان ہوا ۔کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹربشارت قیوم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی میں برف باری کے نتیجے میں بجلی کے کھمبوں، ترسیلی لائنوں اور فیڈروں کو بھاری نقصان ہوا، تاہم محکمہ کے عملہ کی انتھک کوششوں کی بدولت شام دیر گئے تک 900میگاواٹ بجلی بحال کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوشش تھی کہ بجلی سپلائی 1000میگاواٹ تک بحال ہو جائے لیکن موسم کی خرابی اور بھاری نقصان کی وجہ سے 1550میں سے 900میگاواٹ بجلی بحال کی جا سکی ۔انہوں نے کہا کہ 33کے وی کی تمام ترسیلی لائنوں کو بحال کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کولگام گرڈسٹیشن کے جو 2 ٹاروں کو نقصان پہنچا ہے ان کی بحالی میں تھوڑا وقت لگ جائے گا اور ہم کولگام کیلئے متبادل انتظام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ باقی اضلاع میں زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ٹیمیں رات کو بھی کام پر لگی ہوئی ہیں ۔ادھر سرینگر ضلع کے بالہامہ میں زیر تعمیر تین ٹرانسمیشن ٹاور گر گئے جس کے نتیجے میں ایک ٹپر ڈمپر رجسٹریشن نمبر JK02AP-2513 اور سڑک کے کنارے کھڑی ایک پلیٹ فارم گاڑی زیر نمبر JK02AL 1648 کو نقصان پہنچا۔تباہ شدہ ٹرانسمیشن ٹاور کی وجہ سے سمپورہ سے کھریو جانے والی سڑک بھی بلاک ہو گئی ۔محکمہ بجلی کے چیف انجینئر سسٹم اینڈ پریشن قاضی حشمت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بالہامہ کے ٹاور زیر تعمیر تھے اور ان کو اچھی طرح کھڑا نہیں کیا جا سکا تھا کیونکہ ان کی تعمیر جاری تھی۔انہوں نے کہا کہ 122کے وی ٹرانس،یشن لائن نوبگ چاڑورہ کا بھی ایک ٹاور گر گیا جس کے نتیجے میں چاڑورہ اور اسکے کئی ملحقہ علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہے۔محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ پورہ وادی کے قصبوں اور لازمی سروسز کیلئے بجلی کی فراہمی ممکن بنادی گئی ہے۔