وادی بھر میں ایکساتھ برف و باراں

سرینگر // جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں محکمہ موسمیا ت کی پیشگوئی کے عین مطابق دوران شب ہی ہلکے برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔محکمہ کے مطابق بدھ کو بھی موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے اور 24فروری کی صبح سے اگلے 10روز تک موسم خوشگوار رہے گا ۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ 22اور23فروری کی درمیانی رات کو بھی وادی کے کچھ بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج یعنی 23فروری کو وادی کے کچھ ایک علاقوں میں موسم ابرالود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکا برف و باراں ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگرمیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ گلمرگ میں 8 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ۔کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ وادی میں منگل کے روز صبح سے ہی بالائی علاقوں میں رک رک کر ہلکی برف باری کیساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔فیاض بخاری کے مطابق گلمرگ میں 6انچ ، کنگڈوری میں 8انچ ،افروٹ میں 9انچ اور ٹنگمرگ میں 3انچ برف پڑی۔کپواڑہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں نستہ چھن گلی ، پھرکیان ٹاپ ، زیڈ گلی ،شمس بھری پہاڑیوں ، راگنی ٹاپ ، توت مار گلی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں منگل کی صبح سے برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ انتظامیہ نے منگل کو کرناہ کپوارہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت احتیاطی طور پر روک دی ۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلا ،منی مرگ، دراس، گگن گیر، کلن اورگنڈ میں گذشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، جو منگل دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ دراس میں چار انچ، منی مرگ زوجیلا 6انچ ،سونہ مرگ 3 انچ ،گگن گیر اور کلن میں 2 انچ  اورگنڈ میں ایک انچ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کنگن، وسن اور گاندربل میں بارشیں ہوتی ر ہیں ۔بڈگام اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں بھی بارشیں اور برف باری ہوئی اور سلسلہ جاری تھا ۔شاہد ٹاک کے مطابق پیر کی گلی، دبجن ، سیدھو اور ہیرپورہ علاقوں میں صبح سے ہلکی برف باری ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری تھی ۔ان علاقوں میں 3سے4انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔جنوبی کشمیر سے عارف بلوچ کے مطابق وہاں صبح سے ہی بارشیں ہو تی ر ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ادھر جموں کے ڈوڈہ کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برف باری اور جموں سمیت دیگر میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔