بلال فرقانی
سرینگر// یوم شہادتِ حضرت علیؓ کے سلسلے میں مختلف مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں عاشقان رسول ہر نماز کے بعد موئے پاک آنحضورؐ سے فیضیاب ہوئے۔ دوسری سب سے بڑی تقریب آثار شریف شہری کلاش پورہ میں منعقد ہوئی۔یہاں بھی ہر نماز کے بعد موئے پاک آنحضوؐ کے دیدار سے فرزندانِ توحید فیضیاب ہوئے۔ ایسی ہی تقاریب کعبہ مرگ، لال بازار، پنجورہ شوپیان، کھرم سرہامہ ، مکہامہ ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں پربھی منعقدہوئیں۔آثار شریف شہری کلاش پورہ میںنمازِ ظہر سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خطاب کیا۔انہوں نے حضرت علیؓ کے تاریخ ساز اسلامی خدمات ، اسلامی فتوحات کے ساتھ ساتھ اُن کے روحانی اور علمی کارناموں پر روشنی ڈالی۔ ایک تقریب پر مولانا شوکت حسین کینگ اور مولوی خورشید احمد قانونگو نے بھی الگ الگ تقریبات پر حضرت علیؓ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی ۔