وائٹ نائٹ پرائمیر کرکٹ لیگ اختتام پذیر

حسین محتشم
پونچھ//فوج کی جانب اکھنور میں منعقدہ وائٹ نائٹ پرائمیر کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا ہے جس میں پونچھ پینتھرز کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی ۔اس دوران کامیاب ٹیم کے پونچھ پہنچنے پر انڈین آرمی، پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن اور پونچھ سٹی نے وائٹ نائٹ کرکٹ پرائمیرلیگ 2022 کی چمپئن پونچھ پینتھرز انڈر 23 ٹیم کے کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال کیا۔ پونچھ پینتھرز نے 02 جون سے 14 جون 2022 تک ہندوستانی فوج کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ میں جموں ریجن کی 10 اضلاع کی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کیا اور فائنل میں شیر شمبہ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا ۔ راہول ڈریوڈ کرکٹ کے بانی اور کوچ پرویز ملک آفریدی جو اس ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے ،نے پونچھ میں بھارتی فوج کے ساتھ پولیس انتظامیہ اور پونچھ کی عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ پرویز ملک آفریدی نے بریگیڈ کمانڈر 93انفنٹری بریگیڈ، سی او گڑھی بٹالین، ایس ایس پی پونچھ، ڈی ایس پی آپریشن، ایس ایچ او پونچھ، اسپورٹس اسٹیڈیم کے انچارج نردوش کمار شرما، اسٹاف اور اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس غیر متوقع کام کو مکمل کرنے کے لئے ہندوستانی فوج اور سول انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کی مدد فراہم کی گئی۔ انہوں نے عوام کی حمایت اور محبت کا شکریہ ادا کیا۔