راجوری//گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے ریڈ ربن کلب نے ’نیو انڈیا ‘ مہم کے تحت ہفتہ بھر کی سرگرمیوں کے تیسرے مرحلے کا اختتام کیا۔ پی جی کالج راجوری کے ریڈ ربن کلب نے جے اینڈ کے ایڈز کنٹرول سوسائٹی (جے کے اے سی ایس)، محکمہ صحت اور طبی تعلیم جموں و کشمیر کے ساتھ مل کر آزادی کا امرت مہااتسو کے ایک حصے کے طور پر یکم سے 9 دسمبر 2021 کے درمیان تیسرے مرحلے کی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا۔پرنسپل کالج پروفیسر شکیل احمدرینہ نے ہفتہ بھر کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جس میں ایچ آئی وی ایڈز ،تپ دق،خون کا عطیہ کیمپ اور کوویڈ 19 وغیرہ کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری و طلباء کو بیدار کرنے کا کام کیا گیا ۔قومی سطح پر پروگرام کو ورچوئل موڈ میں نیشنل ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن (NACO) نے شروع کیاجو کہ وزارت صحت اور خاندانی بہبود حکومت ہند کے ایک ڈویژن نے یکم دسمبر کو ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر شروع کیا۔ریڈ ربن کلب نے ایچ آئی وی آگاہی پر مختصر ویڈیو بنانے کا مقابلہ بھی منعقد کیا جس میں مہرین سنبیال، سجاد محمود اور صوفیہ سلطانہ نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔تپ دق اور ایچ آئی وی سے متعلق آگاہی کے پوسٹر اور سلوگن سازی کے مقابلے میں سجاد محمود، ابرش بی اور مائدہ کوثر نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔کالج کے زولوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقدہ خون کے عطیہ کے مباحثے میں مہرین سمبیال، ابرش بی اور سجاد محمود نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔انٹرا کالج ماسک بنانے کا مقابلہ ہوا جس میں نثار جنت، مائدہ کوثر اور رفعت شاہین بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔کالج کے طلباء کی ایک بڑی تعداد خاص طور پر ریڈ ربن کلب، این ایس ایس اور این سی سی کے ممبران نے آگاہی ہفتہ کے دوران مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
’نیو انڈیا‘مہم کی مناسبت سے منعقدہ سرگرمیاں اختتام پذیر
