نیوزی لینڈ سے منفی رپورٹ مل گئی،ِ پاکستانی کرکٹرز آزاد، کل میدان میں اترینگے

کراچی //پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 54میں سے 53اراکین کے کوویڈ ٹیسٹ منفی آگئے جس کے بعد نیوزی لینڈ میں 14دن تنہائی میں گذارنے کے بعد کرکٹرز کو منگل سے پبلک مقامات پر جانے اور پریکٹس کی مکمل آزادی مل جائے گی۔ مقامی وقت کے مطابق پاکستانی ٹیم دوپہر دوبجے سے آزادانہ نقل حرکت کرسکے گی۔ ماسک پہننے اور سماجی فاصلوں کی پابندی ختم ہوجائے گی۔نیوزی لینڈ پہنچنے کے پندرہ دن بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی شاہینز کا پہلا پریکٹس سیشن بدھ کو کوئینز ٹائون میں ہوگا۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم وائٹ بال جبکہ روحیل نذیر کی کپتانی میں شاہینز ریڈ بال سے پریکٹس کریں گے۔ دونوں ٹیمیں الگ الگ ہوٹلوں میں قیام کریں گی۔ اظہر علی، یاسر شاہ، حارث سہیل ،محمد عباس ، شان مسعود، عابد علی، فواد عالم سہیل خان اورنسیم شاہ کو پاکستان شاہینز کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔اس وقت ٹیم جس ہوٹل میں ہے وہ دراصل کرائسٹ چرچ کا آئسولیشن سینٹر ہے۔ پاکستان ٹیم 24نومبر کو کرائسٹ چرچ پہنچی تھی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز قومی اسکواڈ کی لی گئی کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے، تمام ارکان کا آخری ہیلتھ چیک اپ منگل کو ہوگا۔ کرائسٹ چرچ میں 43 ارکان کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ اتوار کے روز ہوئی تھی۔ آئسولیشن ختم ہونے کے بعد ٹیم کوئینز ٹاون کے لئے اڑان بھرے گی جبکہ اوپنر امام الحق جمعرات تک آ ئسولیشن کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آئسولیشن میں 14دن گذارنے کے بعد باہر آگئے ہیں وہ آکلینڈ سے کوئینز ٹاون پہنچیں گے۔ ٹیم کے میڈیا منیجر ابراہیم بادیس کا کہنا ہے کہ ٹیم میں شامل 51 اراکین منگل سے کرائسٹ چرچ کی مینیجڈ آئسولیشن چھوڑ دیں گے۔ پاکستانی اسکواڈ مینیجڈ آئسولیشن چھوڑ کر قریبی ہوٹل پہنچ جائے گا جہاں کچھ گھنٹے آرام کے بعد اسکواڈ منگل کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاون روانہ ہوجائے گا۔ مینیجڈ آئسولیشن چھوڑنے کے بعد کورونا ایس او پیز لاگو نہیں ہوں گی۔ پاکستانی ٹیم کے اراکین آئسولیشن کے اختتام اور ٹیسٹ منفی آنے پر خوش ہیں اور بے چینی سے باہر جانے کے منتظر ہیں۔ 17دسمبر سے وانگرائے میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف شروع ہونے والے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ جس میں روحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، عمران بٹ،امام الحق، ذیشان ملک شان مسعود، عابد علی، اظہر علی، یاسر شاہ، سہیل خان، عماد بٹ، حارث سہیل، فواد عالم، محمد عباس، ظفر گوہر، نسیم شاہ اور دانش عزیز شامل ہیں۔