نیم طبی طلبہ کاپریس کالونی میں احتجاج،امتحان لینے کی مانگ

 سرینگر// نیم طبی طلبہ نے سنیچر کو سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے ان کے امتحانات منعقد کرنے کا مطالبہ کیااورکہا کہ 13ہزار طلاب کا فیصلہ250طلاب کیونکر کرسکتے ہیں۔پریس کالونی لالچوک میں سنیچر کو نیم طبی طلبہ( پیر امیڈیکل اسٹوڈنٹس) جمع ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈس اور بینر بھی اٹھا رکھے تھے،جن پر انکے امتحانات منعقد کرنے سے متعلق تحریر درج  تھی۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ امتحانات دینے کیلئے تیار ہیں تاہم حکام ان کے امتحانات نہیں لے رہے ہیں۔ ایک احتجاجی طالبہ نے کہا کہ گزشتہ2برسوں سے ان کے امتحانات کو التواء میں رکھا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دو برس قبل انکا اندراج2برس کے کورس کیلئے کیا گیا تھاتاہم ابھی تک ان کا امتحان نہیں لیا گیااور ابھی تک انہیں امتحانات میں بیٹھنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب امتحانات کا انعقاد کرنے کیلئے وہ کالج انتظامیہ سے ملاقی ہوئے تو مختلف بہانے تراش کرکے انکے امتحانات کو ٹھنڈے بستے کی نذر کیا جا رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے5اگست کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور بعد میں کووِڈ وبائی بیماری کی وجہ سے امتحانات نہیں لئے گئے۔