نیشنل ہیلتھ مشن کے موجودہ اور سابقہ ڈائریکٹر کے مابین ہاتھا پائی

سرینگر /ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن ڈاکٹر یشپال شرما نے نیشنل ہیلتھ میشن کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹرموہن سنگھ کے خلاف پولیس میں تحریری طور شکایت درج کی ہے۔ ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن نے تحریری شکایت میں لکھا ہے کہ سابق ڈائریکٹر نے انکو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ڈاکٹر یشپال نے اپنی تحریری شکایت میں لکھا ہے کہ سابق ڈائریکٹر نے منیش کپور کی مدد سے سرینگر کے چھانہ پورہ میں واقع دفتر میں سی سی ٹی وی فٹیج کی توڑ پھوڑ کی ہے۔نیشنل ہیلتھ میشن کے موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر یشپال شرما نے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ کے نام ایک تحریری شکایت زیر نمبر SHS/PS/NHM/J&K/2018/23میں لکھا ہے کہ سابق ڈائریکٹر موہن سنگھ نے بدھ کو دس بجے میرے ساتھ مارپیٹ کی ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں لکھا ہے کہ موہن سنگھ نے مجھے کئی تھپڑ مارے ہیں اور جب دیگر افسران  بیچ بچائو کرنے لگے تو  موہن سنگھ نے انکے ساتھ بھی ہاتھ پائی کی ۔ یشپال شرما نے اپنی شکایت میں لکھا ہے کہ موہن سنگھ نے دفتر سے جاتے ہوئے مجھے چند دنوں کے اندر قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ پشال شرما نے اپنی چھٹی میں لکھا ہے کہ اسوقت دفتر میں سٹیٹ پروگرام منیجرمسباالحسن ، اسسٹنٹ پروگرام منیجر ڈاکٹر امتیاز شکیل اور دیگر افسران بھی موجود تھے تاہم پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ کے ایس ایچ او اقبال رشید نے بتایا کہ دونوں افسران کے درمیان تکرار ہوئی تھی جسکو ایس ڈی پی او کی موجود گی میں نپٹایا گیا ۔ ‘‘ واضح رہے کہ ریاستی سرکاری نے ایک حکم نامہ کے تحت ڈاکٹر موہن سنگھ کو ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن کے عہدے سے ہٹاکر ڈاکٹر یشپال شرما کو نیشنل ہیلتھ میشن کے ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا تھا جس کے خلاف سابق ڈائریکٹر موہن سنگھ نے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی تھی۔