نیشنل کانفرنس کے ضلع صدررام بن کامختلف علاقوں کادورہ

 بانہال //نیشنل کانفرنس کے ضلع صدرحاجی سجادشاہین نے انتظامیہ سے ضلع رام بن بالخصوص بانہال اسمبلی حلقہ میںماہ صیام کے دوران بلاخلل بجلی اورپانی سپلائی یقینی بنانے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی مانگ کی ہے ۔حاجی سجادشاہین گزشتہ روز تحصیل کھڑی کے علاقہ سران سمیت مختلف علاقہ جات کے دورہ کے دوران عوامی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔شاہین نے ڈپٹی کمشنر رام بن سے مانگ کی کہ وہ ماہ صیام کے پیش نظرضلع رام بن ،بالخصوص اسمبلی حلقہ بانہال کے تمام دیہی علاقہ جات میںتمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور پانی و بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کا بہترسے بہتر انتظام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ گراں فروشی سے گریز کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھاجائے ۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ بھی اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فروخت کریں کیونکہ یہی ایک مہینے آخرت کمانے کاہے جبکہ بقیہ گیارہ مہینے کمانے کیلئے ہیں ۔سجادشاہین نے کہاکہ ہر سال ماہ رمضان میں ایسی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں کہ اشیائے ضروریہ کو اضافی قیمتوں پر فروخت کیاجاتاہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے بھی سہولیات فراہم نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر رام بن سے کہاکہ وہ مارکیٹ چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے کرانہیں فعال بنائیںتاکہ ہر وہ سہولت فراہم کی جائے جو روزہ داروں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی مانگ کی۔انہوں نے سحروافطارکے خصوصی اوقات کے دوران بانہال حلقہ کے کھڑی ،ترگام، مہومنگت، سراچی، نیل چملواس، چنکناروا، پوگل پرستان،کنڈا،مالیگام،رامسو،چکا۔سربگنی ،سمرہروگ،دھک ۔رونیگام، تاجنہال، کھاروان، باوا، اری مارگ۔ہجوا،امکوٹ ،تاچی،ٹیہر،نوگام،چنجلو، پھاگو۔ہانجہال ، چاپناڑی، دھنمستہ، ہلواگون، درداہی،بٹرو،ٹانکا، ناڑکا، کندن،مرکوٹ وغیرہ میںبلاخلل بجلی سپلائی فراہم کرنے پربھی زوردیا۔علاوہ ازیں سجادشاہین نے پی ایچ سی کھڑی کابھی دورہ کیا۔