نیشنل کانفرنس کے تنظیمی انتخابات

سرینگر//نیشنل کانفرنس تنظیمی الیکشن کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا اور اس سلسلے میں حلقہ انتخاب حضرتبل، خانصاحب، بیروہ ،اننت ناگ اور بجبہاڑہ کے بلاکوں کا چنائو عمل میں لایا گیا۔ حلقہ انتخاب حضرت بل کے ایک بلاک بژھ پورہ کا چنائو صوبائی سکریٹری شوکت احمدمیر کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر سجاد اوڑی، سلمان علی ساگر، سید توقیر احمد، جگدیش سنگھ آزاد اور غلام نبی وانی تیلبلی بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر شوکت احمد میر نے پارٹی الیکشن کی اہمیت اور افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری عمل پارٹی کی مضبوطی عیاں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو یہ طرئہ امتیاز حاصل ہے اور اس جماعت کے اندر ایک مضبوط جمہوری نظام ہے اور ہمیں ہر حال میں پارٹی کی اس خصوصیت کو بنائے رکھنا چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بے لوث خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ ہم ایسے پارٹی عہدیداروں کا انتخاب کریں جو ہر وقت لوگوں کیلئے دستیاب رہیں ۔ حلقہ انتخاب خانصاحب کے 2بلاکوں پارنو اور سوکھ ناگ اور حلقہ انتخاب بیروہ کے 3بلاکوں سنور کلی پورہ، نارہ بل اور وترہل کے انتخابات الیکشن انچارج کشمیر غلام نبی بٹ کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعہ پر سینئر لیڈران عبدالمجید لارمی، میر غلام رسول ناز، عبدالاحد ڈار، پیروفیسر عبدالمجید متو، منظور احمد وانی، ڈاکٹر محمد شفیع، سیف الدین بٹ، محمد ابراہیم میر کے علاوہ کئی لیڈران بھی موجود تھے۔ اسی طرح حلقہ انتخاب اننت ناگ کے 2بلاکوں شانگس اور اچھہ ول جبکہ حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے 2بلاکوں دچھن پورہ اے اور کھوور پورہ اے کے بلاک صدور کا انتخاب پارٹی سنٹرل سیکریٹری عرفان احمد شاہ کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعہ پر پارٹی کی خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس، صوبائی صدر خواتین ونگ صبیہ قادری، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو بھی موجود تھے۔ اس سے قبل بژھ پورہ بلاک کے ڈیلی گیٹ حضرات پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر سے ملاقی ہوئے۔