نیشنل کانفرنس کی بارہمولہ آتشزدگان میں امداد تقسیم

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے نورباغ بارہمولہ جاکرآتشزدگان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ وفد میں پارٹی کے رکن پارلیمان برائے شمالی کشمیر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمدڈار ،ضلع سکریٹری غلام حسن راہی ، ضلع صدر خواتین ونگ ایڈوکیٹ نیلوفر مسعود،سینئر لیڈر ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ اور خواجہ محمد یعقوب وانی شامل تھے۔ وفد نے پارٹی کی طرف سے آتشزدگان میں 5لاکھ روپے مالیت کی اشیاء فراہم کیں۔ ناصر اسلم نے متاثرین کے ساتھ پارٹی قیادت کی طرف سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ متاثرین نے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے اور اب کھلے آسمان تلے زندگی گزاررہے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری عمل میںلائی جائے۔