نیشنل کانفرنس کا ریاستی سطح کا اجلاس عنقریب

سرینگر//پی ڈی پی کا ’بدلائو ‘ کا نعرہ کشمیرکو واپس 90ء کے حالات پر لا کھڑا کرنا ثابت ہوگیا ہے اور ریاستی عوام پی ڈی پی کی اصلیت اور اس جماعت کے کھوکھلے، جھوٹے اور فریبی نعروں کی پوری طرح آگاہ ہوگئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگرنے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ریاستی سطح کے ڈیلی گیٹ سیشن کے انتظامات کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، ناصر اسلم وانی، شمیمہ فردوس، محمد سعید آخون، شوکت احمد میر اور سلمان علی ساگر کے علاوہ کئی سرکردہ عہدیداران موجود تھے۔ساگر نے کہا کہ عوامی منڈیٹ کھونے کے بعد پی ڈی پی اب ناگپور اور آر ایس ایس کے رحم و کرم پر ٹکی ہوئی ہے اور اس جماعت سے وابستہ ہر ایک فرد اب بھگوا جماعتوں کو خوش کرنے میں ہی اپنی اور اپنی جماعت کی عافیت سمجھ رہا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ جس دن ناگپور والوں نے پی ڈی پی سے بیساکیاں چھین لی اُسی دن یہ جماعت منہ کے بل گر جائیگی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ریاستی سطح کا ڈیلی گیٹ سیشن عنقریب ہی منعقد ہونے جارہا ہے ، جس میں ریاست کے ابدتر حالات ، لوگوں کے مسائل و مشکلات، حکومت کی ناکامیوں خاص کر ریاست کیخلاف ہورہی سازشوں کو اُجاگر کیا جائے گا۔