نیشنل کانفرنس کا جمہوری اداروں کے قیام میں اہم رول

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اس کی قیادت کی قربانیوں کی بدولت ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو بنیادی حقوق حاصل ہوئے اور عوامی راج کی حکومت وجود میں آئی اور خواتین کی بااختیاری کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے پارٹی کی خواتین ونگ صوبہ کشمیر کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر، غلام نبی وانی تیلبلی، صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری اور صوبائی سکریٹری عائشہ جمیل اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ساگر نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے نہ صرف جمہوری اداروں کا قیام عمل میں لایا بلکہ ان اداروں میں خواتین کی بھر پور شمولیت بھی یقینی بنائی جس کی بدولت خواتین نے ہر ایک شعبے میں اپنا لوہا منوایا لیکن افسوس کی بات ہے کہ نئی دلی غیر سنجیدہ اقدامات سے جموں و کشمیر میں جمہوریت کی جڑیں اُکھاڑنے کا کام کررہی ہے۔ ساگر نے کہا کہ اس وقت جموں وکشمیر کے عوام کو سخت ترین چیلنجوںکا سامنا ہے اور وقت کا تقاضا ہمیں متحد ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جموں وکشمیر کیخلاف مذموم سازشیں کی گئیں لیکن بعد میںوہ ریت کی دیوار ثابت ہوئے کیونکہ عوام نے نیشنل کانفرنس کے شانہ بہ شانہ چل کر دشمنوں کے عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔ میٹنگ میں صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے خواتین ونگ کی پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے بارے میں جنرل سیکریٹری کو آگاہ کیا۔