نیشنل کانفرنس وحدت اور آپسی بھائی چارے کی ضامن : ڈاکٹر فاروق

جموں/صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے اختتام کے بعد نئی دلی سے جموں پہنچتے ہی صوبہ جموں کی تنظیمی سرگرمیاں اور پارٹی پروگراموں کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والی کئی سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات کا پارٹی میں خیرمقدم بھی کیا ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی لیڈران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے دکھ سکھ میں پیش پیش رہیں اور اُن کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے میں بھی اپنا دست تعاون جاری رکھیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ لوگوں تک نیشنل کانفرنس کا ایجنڈا پہنچائیں اور نیا کشمیر پروگرام کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ ایسے دشمن عناصر کی مذموم سازشوں سے بھی لوگوں کو آگاہ کریں جو اس تاریخی ریاست جموں وکشمیر کو تقسیم در تقسیم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی جموں وکشمیر کی وحدت، انفرادیت، شناخت ، تعمیر و ترقی اور آپسی بھائی چارے کی ضامن عوامی جماعت ہے۔ اس جماعت نے ہر حال میں لوگوں کے جذبات، احساسات اور اُمنگوں کی ترجمانی کی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نیشنل کانفرنس میں اس لئے شمولیت اختیار کی کیونکہ یہ جماعت واقعی ایک سیکولر جماعت ہے، جس نے ہر ایک خطے ، ہر ایک طبقے اور ہر ایک مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیساتھ مساوی سلوک روا رکھا ہے۔ 

 

ادھم پور سڑک حادثات میں

 انسانوں جانوں کے زیاں پر نیشنل کانفرنس رنجیدہ

سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے صوبہ جموں کے ضلع ادھمپور میں 2المناک سڑک حادثوں میں ایک کے کنبے کے 3افراد سمیت 6افراد لقمہ اجل بن جانے پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران اجھے سدھوترا، صوبائی یوتھ صدر جموں اعجاز جان، نائب ترجمانِ اعلیٰ ڈاکٹر گگن بھگت ،عبدالغنی ملک، سنیل ورمااور رام پرشوتم نے بھی انسانی جانوں کے زیاں پر دکھ اور رنج و الم کا اظہار کیاہے۔ پارٹی لیڈران نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین میں بھر پور ایکس گریشیا اور زخمی افراد کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔