ڈوڈہ //نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے مفادات کی واحد ضامن ہے اور اس جماعت کی مضبوطی وقت کی پکار ہے،تینوں خطوں کی عوام کو مذہبی، لسانی و علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے والی جماعتوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ان باتوں کا سابق وزیر و نیشنل کانفرنس ضلع صدر ڈوڈہ خالد نجیب سہروردی نے بھدرواہ اسمبلی حلقہ سے مختلف جماعتوں سے وابستہ کارکنوں کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پر ایس ٹی سیل کے جموں کشمیر کے سیکرٹری چوہدری سلام دین، ضلع سیکرٹری ظفراللہ راتھر و دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران بھلیسہ کے نوجوان سیاسی و سماجی کارکن محمد رفیع چوہدری نے اپنے درجنوں حامیوں کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کیا۔اس موقع پر ضلع صدر و پارٹی کے سینیئر لیڈر خالد نجیب سہروردی نے رفیع چوہدری و دیگر جماعتوں سے آئے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطہ میں نیشنل کانفرنس مزید مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ایک ایسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجوں سے نجات دلا سکتی ہے اور اس جماعت نے ہر مشکل دور میں اپنے سیکولر نظریہ کو برقرار رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی و آپسی بھائی چارے کو مضبوط بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی، لسانی و علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کا دامن تھام کر اس جماعت کو مضبوط بنائیں۔ اس دوران گوجر لیڈر چوہدری سلام دین نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر خطہ، طبقہ و برادری کی جماعت ہے اور اس نے کبھی بھی فرقہ پرست طاقتوں کو پنپنے نہیں دیا ہے۔ ضلع سیکرٹری ظفراللہ راتھر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر ابھی سیاسی کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ورکروں سے زمینی سطح پر عوام کے ساتھ رابطہ بنائے رکھنے و نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے کام کرنے پر زور دیا۔رفیع چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس کی عوام دوست پالیسیوں و سیکولر ایجنڈے سے خوش ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنائیں۔